حج 2026 : کرایہ میں اضافہ کو لے کر مرکزی وزیر کرن رجیجو کا بڑا بیان، جانئے کیا کہا

 

نئی دہلی : پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے حج 2026 کے ہوائی کرائے میں ہونے والے اضافے پر اٹھنے والے سوالات پر وضاحت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بھاری کرائے میں اضافے کو مذاکرات کے ذریعے کافی حد تک کم کرایا، جس سے لاکھوں حجاج کو بڑی راحت ملی ہے۔ کرن رجیجو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ملک کے بے شمار خاندانوں کے لیے حج صرف ایک سفر نہیں بلکہ زندگی میں ایک بار پورا ہونے والا خواب ہوتا ہے، جسے لوگ برسوں تک سنبھال کر رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس جذبے کا پورا احترام کرتی ہے۔


رجیجو نے بتایا کہ موجودہ جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور مغربی ایشیا کے بحران کی وجہ سے عالمی سطح پر ایوی ایشن ٹربائن فیول کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ اسی وجہ سے ایئرلائنز نے فی عازم حج 300 سے 400 امریکی ڈالر تک کرایہ بڑھانے کی درخواست کی تھی۔ ایوی ایشن ٹربائن فیول کی قیمتوں میں اس اضافے کے لیے ایئرلائنز کو مکمل طور پر ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا، کیونکہ یہ ایک عالمی صورتحال ہے۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت اور حج کمیٹی نے طویل مذاکرات اور سخت بات چیت کے بعد اس اضافے کو صرف 100 امریکی ڈالر فی عازم حج تک محدود کر دیا۔ اس سے ہر عازم حج کو 200 سے 300 ڈالر تک کی بچت ہوئی ہے۔ کرن رجیجو سے پہلے اقلیتی امور کی مرکزی وزارت نے بھی تفصیلی وضاحت جاری کی۔ وزارت نے کہا کہ حج ہوائی کرائے میں 10,000 روپے کے اضافے پر مختلف قسم کی تشویش اور آراء سامنے آئی ہیں جن پر حکومت سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ وزارت نے کہا کہ ہر عازم حج کی تشویش حکومت سمجھتی ہے، کیونکہ زیادہ تر لوگ برسوں تک بچت کر کے اس مقدس سفر کی تیاری کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حج کمیٹی نے عازمین حج کے مفاد میں ایئرلائنز کے ساتھ سخت مذاکرات کیے۔

وزارت کے مطابق، وسیع مشاورت اور متعلقہ فریقین سے گفتگو کے بعد حکومت نے صرف 100 ڈالر فی عازم کی یکمشت اضافہ منظور کیا۔ یہ فیصلہ کسی قسم کا استحصال نہیں بلکہ مسافروں کو کہیں زیادہ مالی بوجھ سے بچانے کی کوشش ہے۔ حکومت نے کہا کہ پوری کارروائی شفاف، قانونی اور نیک نیتی کے ساتھ مکمل کی گئی تاکہ حج 2026 کی تیاریوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔ اس وقت ایک لاکھ سے زائد مسافر پہلے ہی رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔

مرکزی وزیر کرن رجیجو نے دوبارہ کہا کہ حکومت کا مقصد حج کو ہر ہندوستانی مسلمان کے لیے قابلِ رسائی، منظم اور کفایتی بنانا ہے۔ حج 2026 کے آپریشن کو بہتر طریقے سے چلانے اور مسافروں پر اضافی مالی دباؤ کم کرنے کے لیے یہ فیصلہ ضروری تھا۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے