سٹی بس، اسپتال، اسکول، پانی و ڈرینیج اسکیموں کو منظوری
مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) آصف شیخ رشید کی قیادت میں قائم مالیگاؤں سیکولر فرنٹ نے اقتدار کے 100 دن مکمل ہونے پر میونسپل کارپوریشن میں ایک خصوصی پریس کانفرنس کا انعقاد کیا، جس میں شہر کی تعمیر و ترقی، بنیادی سہولیات اور مختلف فلاحی منصوبوں سے متعلق بڑے اعلانات کئے گئے۔ اس موقع پر میئر نسرین شیخ، ڈپٹی میئر شان ہند، اسٹینڈنگ کمیٹی چیئرمین اعجاز بیگ اور سماجوادی پارٹی کے گٹ نیتا مستقیم ڈگنیٹی بھی موجود تھے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آصف شیخ رشید نے کہا کہ 7 فروری 2026 کو اقتدار سنبھالنے کے بعد سیکولر فرنٹ نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے مسلسل کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سو دنوں کے دوران تقریباً 122 کروڑ 98 لاکھ روپے کی لاگت سے شہر کے مختلف ڈی پی راستوں کو سیمنٹ کانکریٹ روڈ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے اور آئندہ پندرہ دنوں میں ان کاموں کے ٹینڈر جاری کئے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ وارڈ کمیٹی نمبر 1 تا 4 کے تحت درجنوں اہم راستوں کی تعمیر نو کی جائے گی، جن میں کسمبا روڈ، محمد علی روڈ، جعفر نگر، آگرہ روڈ، نیاپورہ، مدنی نگر، عباس نگر، آزاد نگر اور دیگر علاقوں کے بڑے راستے شامل ہیں۔ اس پورے منصوبے پر تقریباً 122 کروڑ روپے سے زائد خرچ کئے جائیں گے۔ آصف شیخ نے مزید کہا کہ مالیاتی سال 2026-27 کے بجٹ میں تقریباً 150 کروڑ روپے مختلف ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 300 کروڑ روپے کی لاگت سے “امرت-3” پانی سپلائی اسکیم کی تجویز حکومت مہاراشٹر کو روانہ کی گئی ہے، جس کے تحت شہری و مضافاتی علاقوں میں نئی پائپ لائن، فلٹر پلانٹ اور اضافی پانی سپلائی کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ شہر اور مضافات میں گندے پانی کی نکاسی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے 432 کروڑ 89 لاکھ روپے کے تخمینہ سے انڈر گراؤنڈ ڈرینیج سسٹم (تیسرا مرحلہ) کی تجویز بھی حکومت کو روانہ کی جاچکی ہے۔ اس منصوبے کے مکمل ہونے کے بعد عوام کو نکاسی آب کے مسائل سے بڑی حد تک راحت ملے گی۔ پریس کانفرنس میں دو نئے قبرستان قائم کرنے، آگرہ روڈ کی خوبصورتی اور تزئین کاری، فلائی اوور بریج کی توسیع، ہارون انصاری اسپتال میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور گرووار وارڈ میں ایجوکیشنل و کلچرل سینٹر قائم کرنے جیسے منصوبوں کا بھی اعلان کیا گیا۔
میئر نسرین شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سو دن عوامی خدمت کے عزم اور ترقیاتی کاموں کے آغاز کے دن رہے ہیں۔ انہوں نے آصف شیخ رشید کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکولر فرنٹ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے پوری سنجیدگی سے کام کررہا ہے۔ڈپٹی میئر شان ہند نے بتایا کہ مالدہ کالونی میں جلد الیکٹرک سٹی بس سروس شروع کی جائے گی اور چارجنگ اسٹیشن بھی قائم کئے جائیں گے۔ اسی طرح دیانہ علاقہ میں تقریباً 5 کروڑ روپے کی لاگت سے 30 بیڈ پر مشتمل جدید اسپتال قائم کرنے کی تجویز حکومت کو روانہ کی گئی ہے، جبکہ واڈیا اسپتال کی نئی عمارت بھی جلد عوام کیلئے کھول دی جائے گی۔
اسٹینڈنگ کمیٹی چیئرمین اعجاز بیگ نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں BOT طرز پر کمرشیل کامپلیکس تعمیر کئے جائیں گے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوسکیں۔ انہوں نے اتی کرمن مخالف کارروائی کے ساتھ ہاکرس زون قائم کرنے کی بھی بات کہی تاکہ چھوٹے تاجروں کو قانونی کاروباری جگہ فراہم کی جاسکے۔ سماجوادی پارٹی کے گٹ نیتا مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ شہر کے 18 بند راستوں کو دوبارہ عوام کیلئے کھولنے کی منظوری دی جاچکی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مرحوم ساتھی نہال احمد کے نام سے ایجوکیشنل ہب قائم کیا جائے گا جہاں جدید، ٹیکنیکل اور AI تعلیم فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ میونسپل پرائمری اسکولوں کی ترقی، ہارون انصاری اسپتال کیلئے جدید مشینری اور کارپوریشن کی عمارتوں پر سولار سسٹم نصب کرنے کے منصوبے بھی جلد شروع کئے جائیں گے۔پریس کانفرنس میں میونسپل کمشنر، مختلف محکمہ جات کے افسران، اسلام پارٹی، سماجوادی پارٹی اور سیکولر فرنٹ کے عہدیداران بڑی تعداد میں موجود تھے۔
Tags
Urdu