مالیگاؤں (ناؤنیوزاپڈیٹ) سنہ 2006 کے مالیگاؤں بم دھماکہ کیس میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں بمبئی ہائی کورٹ نے ناکافی شواہد کی بنیاد پر چار ملزمان کو بری کر دیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ استغاثہ، بالخصوص قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے پیش کیے گئے شواہد قانونی معیار پر پورا نہیں اترتے۔ یہ فیصلہ چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم ڈویژن بنچ نے سنایا، جس میں جسٹس شیام چندک بھی شامل تھے۔
بری کیے جانے والے ملزمان میں راجندر چودھری، منوبر، رام سنگھ نرواریا، دھن سنگھ اور لوکیش شرما شامل ہیں۔ سماعت کے دوران این آئی اے نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ متعدد گواہوں نے ملزمان کے خلاف بیانات دیے، تاہم عدالت نے ان بیانات کو ناکافی اور غیر مضبوط قرار دیا۔
واضح رہے کہ یہ مقدمہ 8 ستمبر 2006 کو مالیگاؤں کے بڑا قبرستان میں عین جمعہ کی نماز کے بعد سلسلہ وار بم دھماکوں سے متعلق ہے، جس میں 31 افراد ہلاک جبکہ 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ واقعے کے بعد نامعلوم افراد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ عدالت کے اس فیصلے کو اس طویل عرصے سے زیر سماعت کیس میں ایک اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔
0 تبصرے