فونٹین ہوٹل کے قریب ہولناک حادثہ: ایس ٹی بس اور ٹرک کے درمیان تصادم، 25 سے زائد مسافر زخمی


مالیگاؤں (ناؤ نیوز اپڈیٹ) ناسک، ممبئی نیشنل ہائی وے پر واقع فونٹین ہوٹل کے قریب آج شام تقریباً 4 بجے ایک دل دہلا دینے والا سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں ایس ٹی بس اور ایک تیز رفتار ٹرک کے درمیان زوردار تصادم ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں 25 سے زائد مسافر زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایس ٹی بس جسکا نمبر MH14 BT 3327 ہے ناسک سے مالیگاؤں کی سمت رواں دواں تھی، جب کہ مخالف سمت سے آنے والا ٹرک جسکا نمبر
 RJ 11 GC 3608 تیز رفتاری کے ساتھ سڑک کے اسی طرف داخل ہوگیا جہاں مرمت کا کام جاری ہونے کے سبب ٹریفک کو ایک ہی لین سے گزرنے پر مجبور کیا گیا ہے۔ یہ صورتحال تصادم کا سبب بنی۔


سماجی کارکن خالد ایس کے نے حادثے کے متعلق بتایا کہ فونٹین ہوٹل کے قریب سڑک کی مرمت کی وجہ سے ایک ہی سڑک کو دو طرفہ استعمال کیا جارہا ہے، جو کہ حادثے کی بڑی وجہ بنی۔ انہوں نے انتظامیہ کی جانب سے احتیاطی تدابیر نہ اپنانے پر شدید تشویش کا اظہار بھی کیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی سماجی کارکنان، جن میں عبدالستار (ایمبولینس والے)، شہباز بھائی اور رئیس پترکار شامل ہیں، فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کی مدد کی۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے نزدیکی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹریفک کو کنٹرول میں لیا اور حادثے کی مکمل تحقیقات شروع کردی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے کی شدت اس قدر تھی کہ بس اور ٹرک دونوں کے اگلے حصے بری طرح متاثر ہوئے۔مسافروں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی مرمت کے دوران حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے