مالیگاؤں (ناؤنیوزاپڈیٹ) جنم داخلہ معاملہ میں جاری تفتیش کے سلسلے میں چھاؤنی پولیس اسٹیشن میں درج مقدمہ نمبر 138 میں ایک نیا موڑ آیا ہے، جب مقامی عدالت نے بزرگ ملزم شیخ رشید شیخ عبدالحمید کو مشروط ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ 67 سالہ شیخ رشید کو 15,000 روپے کے مچلکہ پر ضمانت ملی ہے۔ اس کی اطلاع مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی کے کنوینر آصف شیخ نے میڈیا کو دی۔ ایس آئی ٹی کی جانب سے درج اس تازہ مقدمے میں مجموعی طور پر پانچ افراد کو ملزم بنایا گیا ہے۔ شیخ رشید کو چند روز قبل پولیس نے گرفتار کیا تھا، اور ان کی قانونی پیروی ایڈوکیٹ عارف شیخ نے کی، جو مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی سے وابستہ ہیں۔
عدالت میں ایڈوکیٹ عارف شیخ نے مؤقف اختیار کیا کہ "شیخ رشید کو بے بنیاد الزامات کی بنیاد پر پھنسایا گیا ہے۔ ان کے خلاف نہ تو کوئی قابلِ ذکر ثبوت ہے اور نہ ہی ان کے قبضے سے کچھ برآمد ہوا ہے۔ وہ مالیگاؤں کے مستقل رہائشی اور معمر شہری ہیں۔" عدالت نے ریکارڈ کا مطالعہ کرنے کے بعد پایا کہ ملزم کو پہلے ہی پولیس کی تحویل میں دیا گیا تھا اور تفتیش کے لیے پولس کو کافی وقت دیا گیا۔ دورانِ حراست کچھ بھی برآمد نہ ہونے کے سبب عدالت نے قرار دیا کہ تفتیش مکمل ہوچکی ہے اور ملزم کی مزید پی سی آر میں توسیع کی کوئی ضرورت نہیں۔ عدالت نے یہ بھی ہدایت دی کہ ملزم تفتیش میں مکمل تعاون کرے گا اور کسی بھی وقت عدالت یا پولیس کی طلبی پر حاضر ہوگا۔ اس فیصلے سے انصاف کی سمت ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے، اور مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی نے اس عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
0 تبصرے