ممبرا،دیوا ریلوے حادثہ: رش کے باعث لوکل ٹرین سے گر کر 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

 ناؤنیوزاپڈیٹ (ممبئی) مہاراشٹرا کے ضلع تھانے میں پیر کی صبح ایک دلخراش حادثہ پیش آیا جب ممبئی سے کسارا کی طرف جانے والی لوکل ٹرین میں سوار کئی مسافر چلتی ٹرین سے گر پڑے۔ ریلوے ذرائع اور پولیس کے مطابق حادثہ ممبرا اور دیوا ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان اس وقت پیش آیا جب ٹرین میں شدید بھیڑ کے باعث دروازوں پر لٹکے مسافروں کا توازن بگڑ گیا۔

ملی تفصیلات کے مطابق جب ٹرین ممبرا کے قریب پہنچی تو تقریباً 10 سے 12 افراد ٹرین سے نیچے گر گئے۔ افسوسناک طور پر، ساتھ والی پٹری سے اسی لمحے ایک ایکسپریس ٹرین گزر رہی تھی، جس کی زد میں آنے سے 5 مسافروں کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی، جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے پولیس اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ریلوے حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ٹرینوں کی آمد و رفت عارضی طور پر متاثر ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں اور مسافروں میں غم و غصہ پایا جا رہا ہے اور وہ ریلوے انتظامیہ سے بہتر سہولیات اور رش پر قابو پانے کے اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ یہ واقعہ ایک بار پھر ممبئی کی لوکل ٹرینوں میں سیکیورٹی اور مسافروں کی گنجائش سے زیادہ بھیڑ کے مسئلے کو اجاگر کرتا ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے