مالیگاؤں آگرہ روڈ سڑک حادثے میں جاں بحق خاتون کے اہل خانہ کا احتجاج، رکن اسمبلی اور کمشنر پر تنقید


کارپوریشن کی لاپرواہی کے سبب یہ تمام حادثات ہورہے ہیں: آصف شیخ 

مالیگاؤں (ناؤنیوزاپڈیٹ) کل بروز جمعہ دوپہر تین بجے کے درمیان مالیگاؤں کی مرکزی شاہراہ آگرہ روڈ پر پھر ایک دلخراش حادثہ پیش آیا۔ جس میں ایس ٹی بس اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم رونما ہوا۔ جس کے سبب جائے حادثے پر ہی ایک 26 سالہ حاملہ خاتون کی موت واقع ہوگئی اور شوہر شدید زخمی ہوگیا۔ اس حادثے کے بعد عوام میں شدید غم و غصہ دیکھا گیا۔ کیونکہ عینی شاہدین کے مطابق ایس ٹی بس ڈرائیور نشہ میں مبتلا تھا اور وہ تیزی سے مخالف سمت سے آرہا تھا، جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ 

اس حادثے میں جاں بحق خاتون کے اہل خانہ اور محلہ کے افراد میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے۔ اس حادثے کے بعد اب تک کوئی کارروائی نہ ہونے کی صورت میں اہل خانہ نے ایک بڑی تعداد میں محلے کے مرد و خواتین کیساتھ مل کر شفیع پارک دریگاؤں میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اور ہاتھوں میں تختی لیکر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ آگرہ روڈ پر جگہ جگہ کراسنگ پر ڈیوائیڈر، روڈ کی درستی، اسٹریٹ لائٹس اور نوانڑی بورڈ لگایا جائے۔


اس درمیان سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید متوفی کی تعزیت کے لئے پہنچے اور احتجاجی مظاہرے میں شامل اہل خانہ اور محلہ کے افراد کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آج اور کل کارپوریشن بند ہونے کی صورت میں پیر کے روز پولیس انتظامیہ کے افسران کارپوریشن میں میٹنگ منعقد کی جائے گی۔ کیونکہ یہ حادثات کارپوریشن کی لاپرواہی کے سبب ہورہے ہیں۔ اگر کارپوریشن انتظامیہ آگرہ روڈ کو مکمل کردے کراسنگ پر ڈیوائیڈر اور نوانڑی بورڈ لگا دے تو یہ حادثات ٹال سکتے تھے۔ اس موقع پر اطہر حسین اشرفی نے موجودہ رکن اسمبلی اور میونسپل کمشنر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں شہریان کی جان کی کوئی فکر نہیں ہے۔ دونوں ہی شہر کے ذمہ دار خواب خرگوش میں ہے۔ آخر کیوں مالیگاؤں سینٹرل کی عوام کے ساتھ جانوروں جیسا سلوک کیا جارہا ہے? 


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے