بیس لوم تک مفت سولار بجلی فراہم کا اعلان، آصف شیخ قانون بنانا جانتا ہے، مجھکو ووٹ دو ،میں تعمیر و ترقی کرونگا
مالیگاؤں (ناؤنیوزاپڈیٹ) مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتیں اور نامزد امیدوار انتخابی تشہیر کرتے نظر آرہے ہیں۔ مالیگاؤں شہر کے مخلتف مقامات پر مقامی سیاسی جماعتوں نے انتخابی جلسہ عام کا انعقاد کیا۔ اس مناسبت سے سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید کی قیادت میں انڈین سیکولر لارجیسٹ اسمبلی آف مہاراشٹرا کا تاریخی جلسہ عام ڈاکٹر شکیل (منزل والے) کی صدارت میں اسلامپورہ نشاط روڈ پر منعقد کیا گیا۔
اس موقع پر آصف شیخ رشید نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر غنڈہ گردی کا الزام لگایا جاتا ہے، ہمیں بدنام کیا جاتا ہے لیکن حقیقت سے اسکا کوئی واسطہ نہیں ہے۔ اسلامپورہ و شہر کے بنکروں کے کارخانے دیانہ رمضان پورہ وغیرہ میں ہیں، لیکن کیا کبھی ہم نے کسی بنکر کو تکلیف دی؟ غنڈہ گردی کی؟ کبھی نہیں بلکہ ہم نے ہمیشہ بنکروں کی بھلائی کی ہے، صنعت کی ترقی ہمارا فرض ہے، یقین نہ آئے تو شہر کے بنکرز گواہی دینگے کہ سائزنگ کا تالا کس نے کھولا؟ یہی شیخ آصف تھا جس نے سائزنگ والوں کے پیپر سیدھے کئے اور منظوری لاکر سائزنگ کو دوبارہ شروع کروایا۔ انہوں نے کہا کہ یوسف الیاس آئے اور حلفیہ بولے کہ سائزنگ کا کام کس نے کیا؟ جبکہ ہم نے کئی احسان فراموش دیکھے ہیں، لیکن ایسا احسان فراموش نہیں دیکھا۔ آصف شیخ نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ میں کام کرنا جانتا ہوں، ابھی حال میں پانچ کروڑ روپے کے فنڈ سے مساجد و مدارس میں سولار سسٹم نصب کرنے کی منظوری لایا، کام شروع ہوگیا ہے، قانون میں ترمیم کر جی آر نکالا گیا ہے ۔انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسلامپورہ اورنگ شہر کے تمام بنکروں نے مجھکو بھاری اکثریت سے کامیاب کیا تو میں ایک لوم سے لیکر بارہ اور 24 لوم تک مفت بجلی کیلئے سولار پینل اسکیم کی منظوری لانے کی کوشش کرونگا ۔کیونکہ شیخ آصف قانون بنانا جانتا ہے ۔مفتی اسمٰعیل سولار بجلی اسکیم پر جھوٹا بیان دیکر عوام کو گمراہ کررہے تھے لیکن میں نے کام سے جواب دیا۔
انہوں نے موجودہ رکن اسمبلی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایل اے نے اپنا سیاسی سفر 2007 سے تقریباً 17 قبل شروع کیا اس وقت انکے پاس ایک ہیرو ہانڈا تھی اور آج کروڑوں روپے کی پراپرٹی ہے۔ تاہم 2019 کے چناؤ میں شہریان نے مفتی محمد اسماعیل کو ایم آئی ایم کے نام پر خوب ووٹوں سے نوازا، ماں بہنوں نے دعائیں کی، روزہ رکھا اور مفتی محمد اسماعیل کامیاب ہوگئے لیکن انہوں نے دوسرے ہی پل شہریان کی دعائیں، روزے اور جذبات کو فروش کردیا۔ شیو سینا و بی جے پی سے تقریباً 25 کروڑ روپے وصول کرلیں۔ یہ کیسی نمائندگی ہے؟ آصف شیخ نے مزید کہا کہ مفتی محمد اسماعیل نے 26 جون 2018 کو تھانہ ضلع کے اوشیوارہ علاقے میں 179 کروڑ روپے میں ایک پراپرٹی کا سودا کیا، جسکے پیپر ہمارے پاس موجود ہیں۔آصف شیخ نے سوال کیا کہ اتنا روپیہ آیا کہاں سے مفتی صاحب؟ جواب دو، اگر جواب نہیں دیا تو پھر میں بتاؤں گا کہ آپ نے اس کے علاوہ ممبئی میں ایک بی جے پی کے مرکزی وزیر کے رشتہ دار سے کہاں کتنے کی زمین کا سودا کیا؟ ایس بی آئی کے بینک اکاؤنٹ سے روپیہ ٹرانسفر کیا گیا ہے۔
آصف شیخ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ مفتی محمد اسماعیل قاسمی سے اس تعلق سے سوال کریں۔ مفتی محمد اسماعیل نے مذہبی جذبات کا سہارا لیکر صرف اپنا فائدہ کیا ہے عوام سے انہیں کوئی لینا دینا نہیں۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ حیدرآباد والے بھی آئے تھے اور صرف بڑی بڑی باتیں کرکے چلے گئے لیکن نہ وہ عوام کے دکھ درد میں شریک ہوئے نہ موجودہ ایم ایل اے ،میں ہی مالیگاؤں کی عوام کیساتھ کھڑے رہونگا۔ اور مہاراشٹر میں ہوگی کی طرح بلڈوزر کلچر کی سیاست کی جارہی ہیں، نتیش رانے مالیگاؤں آکر قلعہ جھونپڑ پٹی کو بلڈوزر سے اکھاڑ پھینکنے کی دھمکی دیکر جارہا ہے لیکن ایم ایل اے خاموش ہیں۔ آصف شیخ نے کہا کہ ان حالات میں ایک طاقتور نمائندہ منتخب کریں کمزور نہیں، میں مالیگاؤں سمیت مہاراشٹر کے مسلمانوں کی نمائندگی کرونگا ۔فرقہ پرستوں سے لڑونگا۔انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام بنکر میرے ساتھ آؤ، میں کام کرنے والا ہوں، سب کو ساتھ لیکر چلنے والا ہوں ۔آؤ میرے ساتھ، میرا ساتھ دو، مجھکو کامیاب کرو، میں مایوس نہیں ہونے دونگا ۔انہوں نے اسلامپورہ کی عوام کیلئے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسلامپورہ کی عوام کیلئے نمیرہ ہائٹس کے پاس ایک شاندار شادی ہال بھی تعمیر کرونگا۔
0 تبصرے