مالیگاؤں میں مسجد خلیفۂ اول سے کی گئی طلباء کی تعلیمی رہنمائی


اپنی زندگی میں ڈسپلن ،منصوبہ بندی ، محنت اور نمازوں کا اہتمام کریں تو کامیابی آپ کے قدم چومے گی: ڈاکٹر سید ہمایوں اختر(علی گڑھ مسلم یونیورسٹی)

طلبہ دین کے ساتھ دنیاوی علوم میں دلچسپی، مہارت اور اعلی تعلیم کو ترجیح دیں: ڈاکٹر شاہ عقیل احمد

مالیگاؤں ( پریس ریلیز) مدرسہ و مسجد خلیفۂ اول کے زیر اہتمام کریئر گائیڈنس پروگرام  بروز پیر 12 فروری 2023 ،رات 9 بجے  مسجد ہذا نیا  آزاد نگر گلی نگر 8 مالیگاؤں میں منعقد کیا گیا ۔  اس پروگرا م میں آزاد نگر  و اطراف کے رہنے والے دسویں و بارہویں جماعت میں زیر تعلیم طلباء  اور ان کے سرپرست حضرات  نے شرکت کی۔  اس پروگرام  کے اغراض و مقاصد محترم جناب اشفاق لعل خان  نے پیش کیا۔ موصوف نے مدرسہ و مسجد کے ذمہ داران کی جانب سے مہمانان خصوصی و مقررین کا استقبال  بھی کیا۔ اس کریئر گائیڈنس پروگرام کی نظامت اور مہمانان کرام کا تعارف ڈاکٹر ساجد نعیم نے  پیش کیا ۔ اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز دسویں جماعت میں زیر تعلیم ایک طالب علم نے تلاوت قرآن مجید سے کیا۔ 

اس پروگرام میں بطور مقرر خصوصی ڈاکٹر سید ہمایوں اختر ( علی گڑھ مسلم یونیورسٹی) نے طلباء سے خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ طلباء دوران تعلیم اپنا ایک معمول بنا لیں کے مجھے جلدی سونا ہے اور جلدی اٹھنا ہے۔ یعنی فجر کی اذان سے قبل اٹھ جانا ہے اور پڑھائی میں لگ جانا ہے ۔ اسی طرح سے  پورے دن کا ٹائم ٹیبل بنا لیں ۔ مدرسہ اور اسکول کے اوقات کے علاوہ دیگر اوقات کو فضول برباد نہیں کرنا ہے بلکہ ان اوقات میں مشکل ترین مضامین کی مشق کرنا اور کچھ وقت تفریح کرنا  بھی ضروری ہے۔ رات میں عشاء کے بعد سونے کی تیاری کر لینا ۔ انھوں نے کہا اگر طلبہ اپنی زندگی میں ڈسپلن ، منظم منصوبہ بندی، سنجیدگی   ، سخت محنت اور نمازوں کا اہتمام کریں تو دیکھنا کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔ 

صدر تقریب ڈاکٹر شاہ عقیل احمد ( پرنسپل، مولانا  مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس) نے بھی طلباء سے خطابت فرمائی۔ انھوں نے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں کامیاب انسان وہ جو دین کے ساتھ دنیاوی علوم پر مہارت رکھتا ہو۔انھوں نے طلباء کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ  طلبہ دین کے ساتھ دنیاوی علوم میں  دلچسپی، مہارت اور اعلی تعلیم کو ترجیح دیں ۔ مزید اچھی صحبت اختیار کریں اور برے کاموں، حرکتوں اور عادتوں سے دور رہیں۔ اپنے والدین، اساتذہ، علماء اور بڑوں کا ادب کریں اور ان کے بتلائے ہوئے طریقوں اور مشوروں  پر عمل کریں۔ 

اس موقع پر پروفیسر سعود محوی( شعبہ سول انجینئرنگ) نے دسویں جماعت کے بعد تمام کریئر کےسنہرے مواقع پر تفصیلات پیش کی۔ دسویں کے بعد طلبہ گیارہویں( آرٹس،سائنس اور کامرس)، پولی ٹیکنیک، بی فارمیسی، پیرا میڈیکل کورسیس اور دیگر پروفیشنل کورسیس کی معلومات فراہم کی۔ اسی کے ساتھ منصورہ انجیئنرنگ کالج میں جاری ڈپلومہ انجینئرنگ کورسیس اور اسکالرشپ کے بارے میں طلباء کو بتایا۔ وہیں ڈاکٹر ساجد نعیم نے بارہویں کے بعد کے مختلف بہترین کریئر کے مواقع و روزگار کے تعلق سے طلباء کی بہترین رہنمائی فرمائی۔ نیز بارہویں  کے بعد گریجویشن، انجینئرنگ، میڈیکل فیلڈ، ڈیفنس، پولس فورس، مقابلہ جاتی امتحانات، حکومتی و غیر حکومتی روزگار اور خودمختار بننے کیلئے  رہنمائی فرمائی۔ 

اس پروگرام میں شریک معروف سینئر صحافی انصاری احسان الرحیم نے طلباء کی حوصلہ افزائی کی۔ اخیر میں محترم جناب اشفاق لعل خان نے رسم شکریہ ادا کیا اور دعا فرمائی۔ اس کریئر گائیڈنس پروگرام کو کامیاب بنانے میں پروفیسر مومن شہباز، ٹیکنیکل اسسٹنٹ مومن جاوید اور مدرسہ و مسجد خلیفۂ اول انتظامیہ کمیٹی نے بھر پور تعاون پیش کیا۔  


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے