شیخ ارشد مختار محمدی کے ذریعے پارہ عم مع تجوید کا اجراء


مالیگاؤں (پریس ریلیز) اسلام فطری، عالمی اور آفاقی مذہب ہے ، جو انسان کی رہبری ماں کی گود سے لے کر قبر کی آغوش تک کرتا ہے ، جو بیت الخلاء کے آداب سے لے کر محفل و مجلس کے آداب تک سکھلاتا ہے، خلوت وجلوت میں رہنمائی کرتا ہے، اپنے پرایوں، عورتوں، بچوں اور بڑوں کے آداب سے آگاہ کرتا ہے، مکتب سے لے کر علوم کی معراج تک الف سے لے کر یاء تک سب کی رہبری کرتا ہے، ہر پیدا ہونے والا بچہ فطرتِ سلیمہ پر پیدا ہوتا ہے، جیسا کہ آپﷺ کا ارشاد ہے : کل مولود یولد علی الفطرة مسلمان ان ہی آداب و اخلاق ، معاشرت و رہن سہن سے عاری ہونے کی وجہ سے بدنام ہورہے ہیں، اور اپنے مذہب کی بدنامی کا سبب بن رہے ہیں۔

 بقول علامہ اقبال:
گنوادی اسلاف سے جو میراث پائی تھی

ثریا سے زمین پر آسمان نے ہم کودے مارا

بڑے بڑے جامعات اور مدارس کی اہمیت کا کسی کو انکار نہیں، یقینا وہ از حد ضروری ہیں، مگر ارباب علم و دانش اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ ایک بچے کے معصوم ذہن پر مکتب کی تعلیم کا کتنا گہرا اثر ہوتا ہے ، یہ مکاتب اسلامیہ ان چھوٹے چھوٹے معصوم بچوں کے لئے ماں کی گود کی طرح ایک دینی گہوارہ ہوتا ہے ، یہاں پر ان کے ذہن پر جو اثرات پڑتے ہیں وہ پتھر کی لکیر کی طرح مرتے دم تک اس کے دل و دماغ پر چھاۓ رہتے ہیں۔ فی زمانہ مکاتب اسلامیہ میں قرآن کریم کو تجوید کے ساتھ پڑھنے کا رواج عروج پارہا ہے۔ انہیں نونہالوں کی ضرورت اور تلاوت قرآن مع تجوید میں سہولت کے لئے الحمدللہ 5 مئی 2023 بروز جمعہ مسجد محمد علی، گرین پارک،مالیگاؤں میں بعد نماز جمعہ جامعہ محمدیہ منصورہ کے مدیر شیخ ارشد مختارمحمدی حفظہ اللہ کے ذریعے مختار پبلی کیشن،گولڈن نگر کے زیراہتمام پارہ عم مع تجوید جو ملٹی کلر میں شائع کیا گیا اس کا اجراء عمل میں آیا۔ ساتھ میں حافظ عنایت اللہ محمدی، مسجد کے چیف ٹرسٹی حافظ طارق عزیز محمدی،شیخ کلیم محمدی، حافظ جمیل ممبئی والے ،محمدعلی پھوپھا صاحبان بھی موجود تھے۔

اس موقع پر مختار پبلی کیشن کے مالک ابومعاذ محمدی نے کہا کہ والد محترم کے نام سے جاری پبلی کیشن کے ذریعے مکاتب کے مبتدی بچوں کے لئے محمدی قاعدہ، نماز نبوی ومنتخب احادیث ،اسلامی عقیدہ وسیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی شائع کیا گیا۔ مزید کہا کہ الحمدللہ محمدی قاعدہ قلیل مدّت میں پورے ملک میں کافی مقبول ہوا اور ملک کے مختلف صوبوں سے مثلاً مہاراشٹر( مالیگاؤں،ممبئی) بہار، دہلی، اترپردیش، تلنگانہ، کرناٹک وغیرہ سے بھی کئی برسوں سے ہزاروں کی تعداد میں مسلسل شائع  ہورہا ہے۔ 

الحمدللہ جس سے اہل مکاتب مستفید ہو رہے ہیں اور اس کا سہرہ انہوں نے اپنے والدین کی دعاؤں اور اپنے سرپرست ڈاکٹر سعید احمد فیضی صاحب کے سر باندھا کہ ان کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے ہی یہ کام ہوپا رہا ہے۔ ساتھ ہی اس کام میں معاونت کرنے والے عبدالماجد فیضی وعابد فیضی کا بھی ذکر کیا کہ یہ دونوں حضرات روز اول سے ہی نصاب تعلیم شہروبیرون شہر فراہم کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کررہے ہیں۔آخر میں ابومعاذ محمدی نے اہل مکاتب سے اس نصاب تعلیم سے استفادہ کرنے کیلئے مختار پبلی کیشن ،گولڈن نگر مالیگاؤں 9075899179 سے رابطہ کرنے کی اپیل کی۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے