عائشہ نگر پولیس حدود میں کارروائی، انڈین آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج
مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) ناسک گرامین لوکل کرائم برانچ نے شہر میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو نوجوان کو حراست میں لے لیا۔ کارروائی کے دوران ایک دیسی ساختہ پستول اور تین زندہ کارتوس ضبط کیے گئے، جس کے بعد دونوں ملزمان کے خلاف انڈین آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق لوکل کرائم برانچ کے اہلکار شام پوار، شرد موگل، یوگیش کولی اور سندیپ راٹھوڑ شہر میں غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق معلومات حاصل کررہے تھے۔ اسی دوران پولیس انسپکٹر دتاترے شندے کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ عائشہ نگر پولیس اسٹیشن حدود میں رمضان پورہ اربن ہیلتھ سینٹر کے سامنے واقع کھلے میدان میں چند افراد مشتبہ حالت میں موجود ہیں۔
اطلاع ملتے ہی لوکل کرائم برانچ کی ٹیم نے دو پنچوں کی موجودگی میں موقع پر چھاپہ مار کارروائی انجام دی۔ پولیس نے کارروائی کے دوران وسیم شیخ اسماعیل (28)، ساکن پچپنجتن چوک، کے قبضے سے تقریباً 25 ہزار روپے مالیت کا ایک دیسی ساختہ پستول اور دو زندہ کارتوس برآمد کیے۔ اس کے علاوہ مشیر علی نور علی سید (29)، ساکن جعفر نگر، کے قبضے سے ایک زندہ کارتوس ضبط کیا گیا، جس کی مالیت تقریباً 2 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔
پولیس نے دونوں ملزمان کو حراست میں لیتے ہوئے ان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم اس پہلو کی بھی جانچ کررہی ہے کہ ضبط شدہ اسلحہ کس مقصد کیلئے رکھا گیا تھا اور آیا یہ کسی مجرمانہ واردات یا مخصوص شخص کیلئے منگوایا گیا تھا۔ پولیس کی جانب سے ضبط شدہ اسلحہ، کارتوس، پنچنامہ، شکایت، ضبطی رپورٹ اور طبی معائنہ رپورٹ متعلقہ پولیس اسٹیشن میں جمع کرادی گئی ہے۔
Tags
Urdu
