آہ! شمشیر خان پٹھان کا انتقال ، قوم و ملت کا ناقابل تلافی نقصان


مالیگاؤں (پریس ریلیز) ملک کی دارالحکومت ممبئی کے دبنگ، نڈر اور بیباک پولیس آفیسر سابق اے ایس پی٬ عوامی وکاس پارٹی کے صدر شمشیر خان پٹھان کا مسینہ ہاسپٹل میں طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔ شمشیر خان پٹھان کے انتقال کی خبر سے ممبئی کی فضا تو سوگوار ہو ہی گئی ساتھ ہی ملک کے مختلف علاقوں میں بھی اس رنج و غم کی کیفیت کو محسوس کیا گیا۔ ملی اطلاع کے مطابق شمشیر خان پٹھان کے جسدِ خاکی کو ناسک شہر میں واقع قبرستان میں سپردِ لحد کیا جائے گا۔ جبکہ صبح 7 بجے سے 9 کے درمیان ثناء کمیونٹی ہال میں زیارت کے لیے رکھا جائے گا۔  

شمشیر خان پٹھان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جنتادل سیکولر کے جنرل سیکرٹری مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ جنتادل سیکولر مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔شمشیر خان پٹھان ایک بیباک پولیس آفیسر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک نڈر سیاسی رہنما تھے جو ملک کے مسلمانوں کی آواز کو حکومت تک پہنچانے اور ان کے حق کیلئے ہمیشہ لڑتے تھے۔ ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔ شمشیر خان پٹھان نے مالیگاؤں بم دھماکے معاملے میں معروف سیاسی رہنماء ساتھی نہال احمد کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر قانونی سرگرمیوں میں معاونت کی تھی۔ آپ تمام مومنین ومومنات سے مرحوم کی ایصال ثواب کی گزارش ہے۔ خداوند کریم مرحوم کی مغفرت فرمائے ان کے درجات کو بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عنایت فرمائے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے