غیر قانونی ہتھیار رکھنے والوں کے خلاف سخت مہم، آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج
مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) ناسک دیہی ضلع میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے اور مجرمانہ عناصر کے خلاف جاری خصوصی مہم کے تحت لوکل کرائم برانچ (ایل سی بی) نے ایک اہم کارروائی انجام دیتے ہوئے چار مشتبہ افراد کو دو خطرناک تیز دھار تلواروں سمیت گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد کے خلاف آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ڈی ایس سوامی اور ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ سورج گنجال کی ہدایات پر ناسک گرامین پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف مسلسل کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ اسی سلسلے میں 7 جون 2026 کو لوکل کرائم برانچ کی ٹیم کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ رمضان پورہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں چند افراد کسی مجرمانہ مقصد کے تحت غیر قانونی طور پر مہلک ہتھیار لے کر گھوم رہے ہیں۔
اطلاع کی بنیاد پر پولیس انسپکٹر دتاتریہ شندے کی قیادت میں پولیس سب انسپکٹر دتا کمبھیرے، پولیس کانسٹیبل شیام پوار، وشال گوساوی، شرد موگل، پولیس نائک نریندر کولی، سندیپ راٹھوڑ اور یوگیش کولی پر مشتمل ٹیم نے نور نگر کے چائنا میدان کے کھلے علاقے میں چھاپہ مار کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران پولیس نے چار مشتبہ افراد کو حراست میں لیا، جن کی شناخت محمد راشد محمد مبین عرف پاپا (25)، متین خان ساجد خان تمبولی (20)، قاسم خان شبیر خان (20) اور شیخ آصف شیخ یاسین (19) کے طور پر ہوئی۔ تمام ملزمان مالیگاؤں شہر کے مختلف علاقوں کے رہائشی ہیں۔
پولیس کی جانب سے تلاشی لینے پر ملزمان کے قبضے سے دو تیز نوکیلی اور خطرناک تلواریں برآمد ہوئیں۔ ملزمان ان ہتھیاروں کے سلسلے میں کوئی قانونی اجازت نامہ یا لائسنس پیش نہیں کرسکے، جس کے بعد ان کے خلاف آرمس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت عائشہ نگر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ناسک دیہی ضلع میں اسٹریٹ کرائم اور جرائم پیشہ سرگرمیوں پر قابو پانے کے لیے سینئر افسران کی رہنمائی میں خصوصی مہم جاری ہے، جس کے تحت خطرناک ہتھیار رکھنے والے افراد اور پیشہ ور مجرموں کے خلاف سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ عوامی امن و امان کو متاثر کرنے والے عناصر کے خلاف آئندہ بھی بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
