مالیگاؤں: لوکل کرائم برانچ کی بڑی کارروائی، دیسی ساختہ پستول اور زندہ کارتوس سمیت 4 افراد گرفتار

 

مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) ناسک دیہی پولیس کی جانب سے غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری مہم کے تحت لوکل کرائم برانچ (LCB) نے مالیگاؤں شہر میں خطرناک آتشیں اسلحہ رکھنے والے چار افراد کے خلاف کامیاب کارروائی انجام دیتے ہوئے ایک دیسی ساختہ پستول اور ایک زندہ کارتوس ضبط کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ضلع ناسک دیہی میں جرائم پر قابو پانے اور غیر قانونی کاروبار کے خاتمے کے لیے پولیس سپرنٹنڈنٹ کی ہدایت پر خصوصی مہم جاری ہے۔ اسی سلسلے میں 7 جون 2026 کو لوکل کرائم برانچ کی ٹیم کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ عائشہ نگر پولیس اسٹیشن کی حدود میں چند مشتبہ افراد غیر قانونی آتشیں اسلحہ کے ساتھ کسی مجرمانہ واردات کی نیت سے گھوم رہے ہیں۔

اطلاع ملتے ہی لوکل کرائم برانچ کی ٹیم نے عائشہ نگر کے قباء مسجد کے قریب فیسٹیول گراؤنڈ علاقے میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے چار افراد کو حراست میں لیا۔ گرفتار شدگان کی شناخت ارباز محمد حسن (28)، بلال احمد محمد اجمل احمد (35)، فرحان انجم انصاری (23) اور خلیل احمد عبدالرزاق (43) کے طور پر کی گئی ہے، جو مالیگاؤں شہر کے مختلف علاقوں کے رہائشی ہیں۔ پولیس کی جانب سے کی گئی تلاشی کے دوران ارباز محمد حسن کے قبضے سے ایک دیسی ساختہ پستول اور ایک زندہ کارتوس برآمد ہوا۔ پوچھ گچھ میں معلوم ہوا کہ ضبط شدہ آتشیں اسلحہ غیر قانونی طور پر ساتھی ملزمان کے ذریعے ایک دوسرے کو فروخت کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے پاس اسلحہ رکھنے کا کوئی قانونی لائسنس موجود نہیں تھا۔اس معاملے میں عائشہ نگر پولیس اسٹیشن میں چاروں ملزمان کے خلاف انڈین آرمس ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ناسک دیہی ضلع میں اسٹریٹ کرائم، غیر قانونی اسلحہ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی اور قانون شکنی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔لوکل کرائم برانچ کی اس کارروائی کو مالیگاؤں شہر میں جرائم کی روک تھام اور امن و امان برقرار رکھنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post