بی ایل اوز کریں گے گھر گھر سروے، I.S.L.A.M پارٹی نے تشکیل دیں بیداری ٹیمیں
مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) اسلام پارٹی کے رہنما و سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید کی جانب سے انکی رابطہ آفس میں ایک اہم پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایس آئی آر (اسپیشل انٹینسیو ریویژن) اور این آر سی (نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز) جیسے حساس معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے عوام کو بیدار اور محتاط رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں ووٹر لسٹ نظرثانی کا عمل بڑے پیمانے پر شروع ہونے جارہا ہے۔
آصف شیخ رشید نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے شروع کی جانے والی خصوصی ووٹر لسٹ نظرثانی مہم کو مستقبل میں NRC اور UCC سے جوڑنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 مئی کو الیکشن کمیشن نے مہاراشٹر سمیت 16 ریاستوں میں اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) پروگرام کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت 20 جون سے 29 جون تک ابتدائی سرکاری کارروائیاں مکمل کی جائیں گی، جبکہ 30 جون سے بی ایل اوز گھر گھر جاکر ووٹروں کی جانچ اور فارم بھرنے کا عمل شروع کریں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مہاراشٹر کے چیف الیکشن کمشنر چوک لنگم سے ملاقات کے دوران انہیں بتایا گیا کہ ووٹروں کی میپنگ اور فلٹرنگ کیلئے ایک خصوصی سافٹ ویئر تیار کیا گیا ہے۔ اس سسٹم کے تحت ایک شخص کا صرف ایک ووٹ برقرار رکھا جائے گا جبکہ دیگر مقامات پر موجود ووٹ حذف کئے جائیں گے۔ آصف شیخ کے مطابق اب تک تقریباً 72 فیصد ووٹروں کی میپنگ مکمل ہوچکی ہے جبکہ 28 فیصد عمل ابھی باقی ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ جن ووٹروں کی میپنگ مکمل ہوچکی ہوگی، انہیں بی ایل اوز کی جانب سے انومریشن فارم فراہم کیا جائے گا، جسے بھرنا لازمی ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ فارم کے ساتھ 2002 کی ووٹر لسٹ کی فوٹو کاپی سمیت دیگر دستاویزات طلب کئے جاسکتے ہیں۔ اگر فارم میں کسی قسم کی خامی پائی گئی تو متعلقہ ووٹر کو نوٹس جاری کی جائے گی، جس کے بعد سرکاری افسران کی جانب سے سماعت کی جائے گی۔
آصف شیخ نے کہا کہ 5 اگست 2026 کو ڈرافٹ ووٹر لسٹ جاری کی جائے گی جبکہ 7 اکتوبر 2026 کو حتمی ووٹر لسٹ شائع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام مراحل کے دوران عوام کو مکمل بیداری اور احتیاط کی ضرورت ہے۔
عوامی رہنمائی اور بیداری کیلئے I.S.L.A.M پارٹی کی جانب سے دو خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ آصف شیخ کے مطابق یکم جون سے احسان شیخ، رضوان شیخ، نعیم مرزا، اظہر ماسٹر، جنید شیخ اور ان کی ٹیمیں شہر بھر میں گھر گھر پہنچ کر عوام کو ووٹر لسٹ نظرثانی کے عمل سے متعلق معلومات فراہم کریں گی، بالکل اسی انداز میں جیسے انتخابی مہم کے دوران ووٹر سلپس تقسیم کی جاتی ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ موجودہ حالات میں جہاں عوام کو بیدار رہنے کی ضرورت ہے، وہیں بی ایل اوز کو بھی “قوم و ملت کا فریضہ” سمجھتے ہوئے اپنی ذمہ داری ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ انجام دینی چاہیے۔
Tags
Urdu