مرحوم ساتھی نہال احمد کی 99ویں یومِ پیدائش پر تعلیمی مرکز کا افتتاحی سنگِ بنیاد


نوجوانوں کو جدید تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کا عزم: مستقیم ڈگنیٹی 

مالیگاؤں (نامہ نگار) شہر کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت، سابق رکنِ اسمبلی و سابق میئر مرحوم ساتھی نہال احمد کی 99ویں یومِ پیدائش کے موقع پر جمعہ کی شام “ساتھی نہال احمد مولوی محمد عثمان ایجوکیشنل ہب” کا سنگِ بنیاد رکھا گیا۔ یہ تقریب شہر کے شمالی علاقے وارڈ نمبر 7، سروے نمبر 58/1، قاسمیہ مسجد، نیا اسلام پورہ میں منعقد ہوئی، جس میں سیکولر فرنٹ کے عہدیداران، سماجی کارکنان اور معزز شہریوں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گیٹ نیتا مستقیم دگنیٹی نے کہا کہ شہر کے شمالی علاقے میں قائم کیا جانے والا یہ ایجوکیشنل ہب نوجوانوں کیلئے اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ رہنمائی کا اہم مرکز ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقام کا انتخاب اس لئے کیا گیا کیونکہ اطراف میں پہلے ہی کئی تعلیمی ادارے موجود ہیں، جس سے طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آسکے گا۔انہوں نے بتایا کہ ادارے میں UPSC ٹریننگ، کمپیوٹر کورسیز، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، AI ٹیکنالوجی اور دیگر قلیل مدتی و پیشہ ورانہ کورسیز شروع کئے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جاسکے۔ اس موقع پر انہوں نے سیکولر فرنٹ کے قائد آصف شیخ رشید سمیت تمام عہدیداران کا شکریہ ادا کیا۔ اسٹینڈنگ کمیٹی چیئرمین اعجاز بیگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکولر فرنٹ تعمیر و ترقی کی بنیاد پر آئندہ پانچ برسوں میں پچاس سالہ ریکارڈ توڑنے کا عزم رکھتی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آزاد نگر امن چوک علاقے میں جلد ہی 28 بیڈ پر مشتمل ایک جدید اسپتال کے سنگِ بنیاد کی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔


ڈپٹی میئر شانِ ہند نہال احمد نے اپنے خطاب میں مرحوم ساتھی نہال احمد کی تعلیمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شہر میں کئی تعلیمی اداروں کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔ عصری تعلیمی اداروں سے لے کر فارمیسی کالج تک ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ “ساتھی نہال احمد مولوی محمد عثمان ایجوکیشنل ہب” مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ کیلئے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا، جہاں تجربہ کار اساتذہ اور ماہرین کی نگرانی میں معیاری تعلیم و تربیت فراہم کی جائے گی۔ میئر نسرین شیخ، ساجدہ نہال احمد، جمیل کراتنی اور دیگر مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس منصوبے کو شہر کے تعلیمی مستقبل کیلئے اہم قدم قرار دیا۔ واضح رہے کہ پروگرام کی صدارت شفیق انجم نے کی جبکہ تقریب میں شہر کی مختلف سماجی، تعلیمی اور سیاسی شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

Post a Comment

Previous Post Next Post