مالیگاؤں: عیدالاضحٰی کے پیش نظر امن کمیٹی اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کی اہم میٹنگ

امن و امان برقرار رکھنے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور شہری سہولیات کی فراہمی پر زور

مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) عیدالاضحٰی کے موقع پر شہر میں امن و امان برقرار رکھنے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی بہتر فراہمی کو یقینی بنانے کے مقصد سے آج پولیس کنٹرول روم کے سنسَم واد ہال میں ایک اہم میٹنگ منعقد کی گئی۔ میٹنگ کی صدارت ضلع ایس پی ناسک گرامین ڈاکٹر ڈی ایس سوامی نے کی۔ اس موقع پر محکمہ پولیس، میونسپل کارپوریشن، مہاوترن (بجلی کمپنی) اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران کے علاوہ امن کمیٹی کے اراکین، سماجی کارکنان اور مختلف مذہبی و سماجی تنظیموں کے نمائندے موجود تھے۔ میٹنگ کے دوران عیدالاضحٰی کے ایام میں شہر کی مجموعی صورتحال، حساس مقامات، ٹریفک نظم و نسق، صفائی ستھرائی، پانی و بجلی کی فراہمی، غیرقانون جانوروں کے ذبیحہ، قربانی کے مقامات اور قانون و ضابطے کی پاسداری جیسے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ضلع ایس پی ڈاکٹر ڈی ایس سوامی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عیدالاضحٰی ایک اہم مذہبی تہوار ہے اور اسے امن، بھائی چارے اور نظم و ضبط کے ساتھ منانا تمام شہریوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ قربانی کے دوران حکومتی قوانین اور عدالتی ہدایات پر مکمل عمل کریں، سوشل میڈیا پر افواہوں اور اشتعال انگیز پیغامات سے دور رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس محکمہ کی جانب سے حساس علاقوں میں اضافی نفری تعینات کی جائے گی، جبکہ شہر میں گشت اور نگرانی کے انتظامات مزید سخت کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو بروقت روکا جا سکے۔

میونسپل کارپوریشن کے افسران نے یقین دہانی کرائی کہ عید کے موقع پر صفائی ستھرائی، کچرا اٹھانے، پانی کی سپلائی اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ مہاوترن حکام نے بلا تعطل بجلی سپلائی برقرار رکھنے کا تیقن دیا۔ امن کمیٹی کے اراکین اور سماجی نمائندوں نے بھی شہر میں بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے اور عوام میں بیداری پیدا کرنے کیلئے انتظامیہ سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ میٹنگ کے اختتام پر تمام متعلقہ محکموں کو باہمی رابطہ مضبوط رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی۔

Post a Comment

Previous Post Next Post