مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) مالیگاؤں شہر کے کمالپورہ ورلی دوڑ واقع مومن پورہ علاقے میں اُس وقت افرا تفری مچ گئی جب ایک رہائشی مکان کی بالائی منزل پر اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ یہ واقعہ مقامی کارپوریٹر فاروق فیض اللہ کے مکان کے سامنے پیش آیا، جہاں دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے شدت اختیار کرلی۔ مقامی افراد کے مطابق آگ مکان کی اوپری منزل میں لگی، جہاں کپڑوں کا بڑا ذخیرہ رکھا ہوا تھا۔ آگ لگتے ہی مقامی افراد نے فوری طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی، جس کے بعد کارپوریشن فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور راحت رسانی کا کام شروع کیا، جبکہ محلے
کے نوجوانوں نے بھی آگ بجھانے میں بھرپور تعاون کیا۔
اس موقع پر فائر بریگیڈ عملہ کے شکیل تیراک نے میڈیا کو بتایا کہ آگ مکان کی اوپری منزل تک محدود تھی، تاہم وہاں کپڑوں کا تاکھا موجود ہونے کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلنے کا خدشہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی کے سبب آگ پر فوری قابو پالیا گیا، ورنہ اطراف کا علاقہ جھوپڑ پٹی ہونے کے سبب بڑا
حادثہ پیش آسکتا تھا۔
واقعہ کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا تھا اور بڑی تعداد میں شہری جائے وقوع پر جمع ہوگئے۔ خوش قسمتی سے اس حادثہ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم مکان میں رکھا سامان جزوی طور پر جل کر خاکستر ہوگیا۔
اس موقع پر کارپورٹر فاروق فیض اللہ نے فائر بریگیڈ عملہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ بروقت کارروائی کے سبب ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ گھروں میں آتش گیر اشیاء محفوظ انداز میں رکھیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جاسکے۔


