مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) مالیگاؤں شہر میں مانسون کی آمد کے پیشِ نظر شہری مسائل کے تدارک اور نکاسیٔ آب کے نظام کو بہتر بنانے کے مقصد سے میئر نسرین شیخ، ڈپٹی میئر شانِ ہند، اسٹینڈنگ چیئرمین اعجاز بیگ، خالد حاجی اور وارڈ کارپوریٹر عمران شیخ سمیت میونسپل کارپوریشن کے مختلف افسران نے پوار واڑی علاقے کا تفصیلی دورہ کیا۔
اس موقع پر ذمہ داران نے علاقے کے مختلف مقامات کا معائنہ کرتے ہوئے اُن نالوں کا جائزہ لیا جو کچرے، اتی کرمن اور مٹی جمع ہونے کی وجہ سے بند پڑے تھے، جس کے سبب بارش کے دوران پانی جمع ہونے اور شہریوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دورے کے دوران افسران نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جے سی بی مشینوں کے ذریعے نالوں کی صفائی کا کام شروع کروایا۔ مشینری اور عملے کی مدد سے نالوں میں جمع گندگی، ملبہ اور رکاوٹوں کو ہٹانے کا سلسلہ جاری رکھا گیا تاکہ بارش کے پانی کی نکاسی بہتر طریقے سے ممکن ہوسکے۔
خالد حاجی نے اس موقع پر کہا کہ پوار واڑی سمیت شہر کے دیگر نشیبی اور حساس علاقوں میں ہر سال بارش کے دوران پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوتی ہیں، جس کے پیشِ نظر قبل از وقت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نالوں پر ہوئے اتی کرمن، کچرے کے انبار اور صفائی میں لاپروائی کے باعث نکاسیٔ آب کا نظام متاثر ہوتا ہے، اس لیے کارپوریشن کی جانب سے خصوصی مہم چلا کر تمام رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ نالوں اور گٹروں میں کچرا نہ پھینکیں اور صفائی نظام کو برقرار رکھنے میں کارپوریشن کا تعاون کریں تاکہ مانسون کے دوران سیلابی صورتحال اور پانی جمع ہونے جیسے مسائل سے بچا جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے مقامی نمائندے اور کارپوریشن انتظامیہ مسلسل میدان میں موجود ہیں اور ضروری اقدامات جاری رہیں گے۔
میئر نسرین شیخ نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ مانسون سے قبل شہر کے تمام حساس علاقوں میں صفائی مہم تیز کی جائے اور بند نالوں کو فوری طور پر صاف کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ڈپٹی میئر شانِ ہند نہال احمد اور اسٹینڈنگ کمیٹی چیئرمین اعجاز بیگ نے بھی صفائی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ شہری سہولیات کی فراہمی اور بارش کے دوران ممکنہ مسائل سے بچاؤ کے لیے کارپوریشن پوری سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کر رہی ہے۔
Tags
Urdu
