مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) عیدالاضحٰی کے پیش نظر مالیگاؤں پولیس نے شہر میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا آغاز کر دیا ہے۔ امن و امان برقرار رکھنے، حساس علاقوں پر نظر رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کیلئے آج سے ڈرون کیمروں کے ذریعے نگرانی شروع کر دی گئی ہے۔
اسی سلسلے میں آج دلاور ہال کی چھت سے ڈرون کیمروں کا عملی مظاہرہ کیا گیا، جہاں سدھارتھ بھروال نے میڈیا نمائندوں کو نگرانی کے نظام کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔ انہوں نے بتایا کہ جدید ڈرون کیمروں کی مدد سے تقریباً 15 کلومیٹر تک کے علاقے کی نگرانی ممکن ہوگی، جس کے ذریعے شہر کے حساس مقامات، بھیڑ بھاڑ والے علاقوں، قربانی کے مقامات اور اہم شاہراہوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ ڈی وائی ایس پی سدھارتھ بھروال نے کہا کہ عیدالاضحٰی کے دوران امن و امان برقرار رکھنا اور غیر قانونی ذبیحہ کی روک تھام پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر فوری کارروائی کی جا سکے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیس انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، افواہوں پر توجہ نہ دیں اور کسی بھی مشتبہ شخص یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق عیدالاضحٰی کے موقع پر شہر بھر میں اضافی پولیس نفری تعینات کی جائے گی جبکہ حساس علاقوں میں خصوصی بندوبست کیا جائے گا تاکہ شہری پُرامن اور خوشگوار ماحول میں اپنے مذہبی فرائض انجام دے سکیں۔واضح رہے کہ اس موقع پر شہر کے تمام پولیس اسٹیشنوں کے انچارج افسران، اور پولیس انتظامیہ کے دیگر ذمہ دار افسران بھی موجود تھے، جنہوں نے ڈرون نگرانی کے نظام کا جائزہ لیا اور عیدالاضحٰی کے دوران سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا۔


