مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں برسرِ اقتدار سیکولر فرنٹ شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے جہاں مقامی سطح پر سرگرم عمل ہے، وہیں منترالیہ سطح پر بھی ترقیاتی فنڈز کے حصول کیلئے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں سیکولر فرنٹ کے رہنما و سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید نے مستقیم ڈگنیٹی اور دیگر ذمہ داران کے ہمراہ آج ممبئی منترالیہ میں مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس اور نائب وزیراعلیٰ و اقلیتی امور کی وزیراعلٰی سنیترا پوار جی سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وفد نے مالیگاؤں شہر کو درپیش بنیادی مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور شہری سہولیات سے متعلق میئر نسرین شیخ اور ڈپٹی میئر شان ہند نہال احمد کی جانب سے تیار کردہ تفصیلی مطالباتی مکتوب پیش کیا۔ وفد نے خصوصی طور پر شہر کی خستہ حال سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے خصوصی فنڈ جاری کرنے اور انڈرگراؤنڈ ڈرینیج سسٹم منصوبے کیلئے مالی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی حدود میں شامل مختلف علاقوں میں مزید ترقیاتی کام انجام دینے کیلئے کروڑوں روپے کے خصوصی فنڈ کی بھی مانگ کی گئی۔
وفد نے نائب وزیراعلیٰ سنیترا پوار کو بتایا کہ مالیگاؤں ایک بڑی اقلیتی آبادی والا شہر ہے، اس لئے شمالی مہاراشٹر کیلئے ایک جدید حج ہاؤس کا قیام وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ اس سلسلے میں حکومت سے خصوصی فنڈ منظور کرنے کی درخواست بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر آصف شیخ رشید نے اجیت دادا پوار کی جانب سے ماضی میں منظور کیے گئے “شیخ رشید اسٹڈی سینٹر” منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ سینٹر اب مکمل طور پر تعمیر ہوچکا ہے۔ وفد کی جانب سے اس کی افتتاحی تقریب کیلئے وزیراعلیٰ اور نائب وزیراعلیٰ کو باضابطہ دعوت نامہ بھی پیش کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس اور نائب وزیراعلیٰ سنیترا پوار نے وفد کے مطالبات کو غور سے سنتے ہوئے متعلقہ امور پر مثبت کارروائی اور تعاون کا یقین دلایا۔ سیکولر فرنٹ کی جانب سے اس ملاقات کو مالیگاؤں کی ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور اقلیتی مسائل کے حل کی سمت میں ایک اہم اور تعمیری پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
Tags
Urdu
