ڈی وائی ایس پی درشن ڈوگڈ کا انکشاف: جانوروں سے زیادہ دودھ حاصل کرنے کے لیے ہو رہا تھا خطرناک انجکشن کا استعمال
مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) مالیگاؤں میں غیر قانونی طور پر آکسیٹوسن (Oxytocin) انجکشن فروخت کرنے والے گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے لوکل کرائم برانچ اور قلعہ پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں ممنوعہ انجکشن اور ایک پک اپ گاڑی ضبط کرتے ہوئے مجموعی طور پر 7 لاکھ 4 ہزار روپے مالیت کا سامان برآمد کیا ہے. اس سلسلے میں کیمپ حدود کے ڈی وائی ایس پی درشن ڈوگڈ نے نمائندے کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ لوکل کرائم برانچ کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کچھ افراد مالیگاؤں شہر اور اطراف میں غیر قانونی طور پر آکسیٹوسن انجکشن کی سپلائی کر رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے کر نگرانی کی گئی اور قلعہ پولیس اسٹیشن حدود میں کارروائی انجام دی گئی۔
پولیس نے کارروائی کے دوران پک اپ گاڑی نمبر MH-04-KF-9116 کو روک کر تلاشی لی، جہاں سے 5,070 بوتلوں پر مشتمل آکسیٹوسن انجکشن کا ذخیرہ برآمد ہوا۔ ضبط شدہ انجکشن کی مالیت تقریباً 1 لاکھ 4 ہزار روپے بتائی جا رہی ہے، جبکہ 6 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی۔ حیرت انگیز بات یہ رہی کہ ضبط شدہ بوتلوں پر کسی کمپنی کا نام یا قانونی تفصیلات درج نہیں تھیں۔ گرفتار ملزمان کی شناخت عادل شیخ اشفاق (20) ساکن چالیس گاؤں ضلع جلگاؤں اور آفتاب عالم ابن حسن (48) عرف ارجن ساکن ہیرا پورہ مالیگاؤں کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان مبینہ طور پر کافی عرصے سے اس غیر قانونی دھندے میں ملوث تھے۔
ڈی وائی ایس پی درشن ڈوگڈ نے بتایا کہ آکسیٹوسن ایک حساس ہارمون انجکشن ہے، جس کا استعمال صرف مستند ڈاکٹر کے مشورے اور رجسٹرڈ فارماسسٹ کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے، تاہم بعض افراد جانوروں سے زیادہ دودھ حاصل کرنے کے لیے اس کا ناجائز استعمال کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس انجکشن کے بے جا استعمال سے انسانوں اور جانوروں دونوں کی صحت پر سنگین اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق آکسیٹوسن کے غلط استعمال سے بینائی متاثر ہونے، معدے کی بیماریوں، نوزائیدہ بچوں میں یرقان اور حاملہ خواتین میں اسقاط حمل جیسے خطرناک مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ اسی کے پیش نظر حکومت کی جانب سے اس کی فروخت اور استعمال پر سخت ضابطے نافذ ہیں۔
پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف “پریوینشن آف کرولٹی ٹو اینیملز ایکٹ 1960” کی دفعات 11(g) اور 12 کے علاوہ بی این ایس کی دفعہ 328 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اس معاملے کی مزید تفتیش پی ایس آئی چوہان کی نگرانی میں جاری ہے، جبکہ ذرائع کے مطابق اس ریکیٹ سے جڑے دیگر افراد کی تلاش بھی شروع کر دی گئی ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
Tags
Urdu
