مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر ڈی۔ایس۔ سوامی کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری خصوصی مہم کے تحت لوکل کرائم برانچ نے بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے دو مشتبہ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک دیسی ساختہ پستول اور تین زندہ کارتوس برآمد کیے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق مالیگاؤں سٹی پولیس اسٹیشن حدود میں دو افراد کسی سنگین واردات کی نیت سے مشکوک انداز میں گھوم رہے تھے۔ خفیہ اطلاع موصول ہوتے ہی لوکل کرائم برانچ کی ٹیم نے واجئے نگر علاقے میں “ماسٹر ماڈل ٹیلر” دکان کے قریب جال بچھا کر دونوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ ضبط شدہ پستول مالیگاؤں کے شابان نگر علاقے کے ایک شخص سے خریدی گئی تھی۔ پولیس اس سلسلے میں مزید جانچ کر رہی ہے اور اس معاملے میں دیگر افراد کے ملوث ہونے کے امکانات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران لوکل کرائم برانچ نے عائشہ نگر پولیس اسٹیشن اور سٹی پولیس اسٹیشن کی حدود میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر دو پستول اور پانچ زندہ کارتوس ضبط کیے تھے۔ پولیس نے دونوں گرفتار ملزمان کے خلاف آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
Tags
Urdu