مالیگاؤں (پریس ریلیز) عیدالاضحٰی کے پیش نظر میونسپل کارپوریشن، پولیس اور ریونیو انتظامیہ کی جانب سے تیاریوں کا مشترکہ جائزہ میٹنگ آج 27 مئی 2026 کو میونسپل کارپوریشن کے کمشنر کونسل ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت میونسپل کمشنر رویندر جادھو نے کی جبکہ ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال اور سب ڈویژنل آفیسر نتن صدگیر خصوصی طور پر موجود تھے۔ دوپہر ایک بجے منعقدہ اس اہم اجلاس میں بقرعید کے موقع پر شہری سہولیات، صفائی ستھرائی، پانی کی فراہمی، عارضی مذبح خانوں کے انتظامات، سیکیورٹی اور غیر قانونی ذبیحہ کی روک تھام سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں میونسپل کارپوریشن کے پبلک ورکس، صفائی، واٹر سپلائی، بجلی، گاڑیوں، تجاوزات اور دیگر محکموں کے سربراہان نے اپنی تیاریوں سے کمشنر کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر کمشنر رویندر جادھو نے واضح ہدایت دی کہ اس سال عارضی مذبح خانوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، لہٰذا وہاں تمام بنیادی اور ضروری سہولیات کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ تمام انتظامات آج شام 5 بجے تک مکمل کرلیے جائیں، بصورت دیگر متعلقہ افسران کے خلاف سخت انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کمشنر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خون آلود پانی کسی بھی صورت میں ندیوں کے طاس میں داخل نہ ہونے پائے۔ اس سلسلے میں پانی و سیوریج، صفائی اور دیگر متعلقہ محکموں کو خصوصی نگرانی رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بقرعید کے دوران فرائض میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار افسران کے خلاف معطلی جیسی سخت کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔
ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی ذبیحہ کی روک تھام کے لیے عارضی مذبح خانوں میں شہریوں کو تمام سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور میونسپل انتظامیہ مشترکہ طور پر کارروائی کرے گی اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے تحصیلدار وشال سوناونے کو ہدایت دی کہ مہاراشٹرا اینیمل پروٹیکشن ایکٹ، ٹرانسپورٹ ایکٹ اور دیگر متعلقہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ سب ڈویژنل آفیسر نتن صدگیر نے خون آلود پانی کو ندیوں میں جانے سے روکنے کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کرنے اور جنگی پیمانے پر اس پر عمل درآمد کی ہدایت دی۔ انہوں نے ہر عارضی مذبح خانے پر کچرے کی منتقلی کے لیے اضافی گاڑیوں کی فراہمی اور ان گاڑیوں کے ساتھ گشتی ٹیم تعینات کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ راستے میں کچرا نہ گرے۔
اجلاس کے اختتام پر کمشنر رویندر جادھو نے کہا کہ اگر تمام محکمے ذمہ داری اور بہتر تال میل کے ساتھ کام کریں تو بقرعید کے دوران امن و امان اور صفائی ستھرائی کے مسائل پیدا نہیں ہوں گے۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو خبردار کیا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سورج گنجال، سب ڈویژنل آفیسر نتن صدگیر، تحصیلدار وشال سوناونے، پولیس انسپکٹر رگھوناتھ شیگر، سٹی انجینئر کیلاش بچھاؤ، جوائنٹ کمشنر انیل پرکھے، وارڈ آفیسر سچن مہالے، فیاض احمد، آنند سنگھ پاٹل سمیت میونسپل کارپوریشن کے مختلف محکموں کے افسران اور صفائی انسپکٹرس موجود تھے۔
Tags
Urdu