تفریح کا سفر ماتم میں تبدیل؛ تیز رفتار کار بے قابو ہو کر کنٹینر کے نیچے گھس گئی
مالیگاؤں (ناؤنیوزاپڈیٹ) جمعہ کے روز چھٹی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سیر و تفریح کے لیے نکلنے والے مالیگاؤں شہر کے نوجوانوں کی خوشیاں اس وقت ماتم میں تبدیل ہو گئیں جب چاندوڑ روڈ پر ایک انتہائی دردناک اور ہولناک سڑک حادثہ پیش آیا۔اس افسوسناک واقعے میں ایک 16 سالہ نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ کار میں سوار دیگر دو نوجوان شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا اور جائے وقوعہ پر لوگوں کی بھاری بھیڑ جمع ہو گئی۔
ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، مالیگاؤں شہر سے تعلق رکھنے والے چند نوجوان جمعہ کی نماز کی ادائیگی کے بعد خوشگوار موسم اور چھٹی کا لطف اٹھانے کے لیے کار کے ذریعے تفریح کے لیے نکلے تھے۔ ابھی ان کی کار چاندوڑ روڈ پر واقع 'سلیم ہوٹل' کے قریب پہنچی ہی تھی کہ کار چلانے والے تقریباً 20 سے 22 سالہ نوجوان ڈرائیور کی تیز رفتاری کے باعث گاڑی اچانک بے قابو ہو گئی۔ کار کا توازن اس حد تک بگڑ گیا کہ وہ سامنے سے آنے والے ایک تیز رفتار کنٹینر کے اگلے ٹائر سے جا ٹکرائی اور اس کے نیچے پھنس گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق یہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار کا ایک حصہ بری طرح تباہ ہو گیا اور اس حادثہ میں 16 سالہ نوجوان زید خان اظہر خان کار کی پچھلی نشست پر سوار تھا۔ حادثے کے نتیجے میں کار کا پچھلا حصہ کنٹینر کے اگلے بھاری بھرکم ٹائر کے نیچے آ دبا، جس کی وجہ سے زاد خان شدید چوٹوں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ کار میں سوار دیگر دو نوجوان بھی اس حادثے میں شدید زخمی ہوئے، جنہیں مقامی لوگوں کی مدد سے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
اس دلخراش واقعے کی خبر ملتے ہی مقتول زید خان کے والد، بھائی اور دیگر قریبی رشتہ دار کارپوریٹر خالد حاجی، رفیق بھوریا ،آمین خان شبیر خان، بابو ممبر، شفیق اینٹی کرپشن ،خالد ایس کے فوراً جائے وقوعہ پر پہنچے۔ مالیگاؤں شہر کے ذمہ داران، سیاسی و سماجی شخصیات اور عام عوام نے اس سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا کی ہے کہ وہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل دے۔
