لینڈ جہاد کے خلاف حکومت متحرک، اجیت چوہان کا مالیگاؤں دورہ، زمین مافیا کو وارننگ


سرکاری افسران سے ملاقات، پریس کانفرنس اور متاثرین کو شکایات پیش کرنے کی اپیل

مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) ریاستی حکومت کی ہدایات پر بی جے پی کے ریاستی معاون چیف ترجمان اجیت چوہان نے مالیگاؤں کا دورہ کرتے ہوئے مبینہ ’’لینڈ جہاد‘‘، غیر قانونی زمین لین دین اور زمین مافیا کے معاملات پر سخت موقف اختیار کیا۔ بی جے پی رابطہ آفس میں منعقدہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ حکومت زمینوں کی خرید و فروخت، قبضوں اور مبینہ جعلی دستاویزات کے معاملات کی سنجیدگی سے جانچ کررہی ہے۔

اجیت چوہان نے اپنے خطاب کے آغاز میں مسلمانوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ تہوار کے دوران غیر قانونی جانوروں کی نقل و حمل اور غیر مجاز ذبیحہ سے مکمل گریز کیا جائے تاکہ امن و امان برقرار رہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اجیت چوہان نے کہا کہ مہاراشٹر حکومت جنم داخلہ معاملہ میں پہلے ہی ایس آئی ٹی کے ذریعے تحقیقات کررہی ہے۔ اگر اس کے بعد زمینوں کی خرید و فروخت، قبضوں اور مبینہ جعلی دستاویزات کے معاملات میں کسی افسر یا فرد کا کردار سامنے آیا تو ایسے لوگوں کی جگہ سرکاری دفاتر میں نہیں بلکہ گھروں میں ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو برداشت نہیں کرے گی اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی.


پریس کانفرنس کے دوران یہ سوال خاص طور پر اٹھایا گیا کہ اگر زمین سمبھاجی نگر (اورنگ آباد) کی ہے تو اس کی رجسٹری مالیگاؤں میں کیسے کی گئی؟ ذرائع کے مطابق، اسی نکتے کو لے کر سرکاری سطح پر شبہات ظاہر کیے جارہے ہیں۔ اجیت چوہان نے اشارہ دیا کہ بعض معاملات میں مبینہ طور پر فرضی دستاویزات، بوگس پاور آف اٹارنی، جعلی شناختی کاغذات یا رجسٹریشن کے طریقۂ کار میں خامیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دوسرے اضلاع کی زمینوں کے لین دین مالیگاؤں یا دیگر مقامات پر انجام دیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس پورے نیٹ ورک کی جانچ کررہی ہے کہ آخر کس بنیاد پر دوسرے ضلع کی اراضی کے دستاویزات یہاں رجسٹر ہوئے، کن افراد اور افسران نے اس عمل میں کردار ادا کیا اور آیا اس کے پیچھے کسی منظم گروہ کی سرگرمی تو نہیں۔ اس سلسلے میں ریونیو محکمہ، رجسٹریشن دفتر اور پولیس کے ذریعے مختلف ریکارڈ کی چھان بین جاری ہے۔

مالیگاؤں کو نشانہ بنانے سے متعلق سوال کے جواب میں اجیت چوہان نے کہا کہ مالیگاؤں کی عام عوام کا ان معاملات سے کوئی تعلق نہیں ہے، تاہم بعض ’’صاف کالر‘‘ گناہگار ذہنیت رکھنے والے افراد اور چند تنظیموں کی سرگرمیوں کے باعث مالیگاؤں اور ناسک ضلع کی شبیہ متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد کسی مخصوص طبقہ یا شہر کو بدنام کرنا نہیں بلکہ غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کرنا ہے۔اس موقع پر بی جے پی کے مقامی عہدیداران، کارکنان اور مختلف شعبۂ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔ پریس کانفرنس کے بعد اجیت چوہان نے بعض شہریوں اور وفود سے ملاقات بھی کی، جنہوں نے زمینوں سے متعلق مختلف مسائل اور شکایات پیش کیں۔ 

Post a Comment

Previous Post Next Post