طلباء کی تعلیمی و کھیلوں میں شاندار کارکردگی پر انعامات، چیئرمین ارشد مختار۔ صاحب کا خطاب، تقریب کے بعد سرپرست میٹنگ
مالیگاؤں (پریس ریلیز) جامعہ محمدیہ منصورہ کے زیراہتمام جاری آفاق اکیڈمی منصورہ کیمپس میں سالانہ تقسیمِ انعامات کی تقریب پروقار انداز میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت جامعہ محمدیہ منصورہ کیمپس کے چیئرمین ارشد مختار صاحب نے کی جبکہ نظامت کے فرائض افتخار سر نے خوش اسلوبی سے انجام دیے۔ آفاق اکیڈمی کے پرنسپل انصاری نوید سر کی نگرانی میں منعقدہ اس تقریب میں تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے ساتھ حالیہ اسپورٹس ویک میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو انعامات اور اسناد سے نوازا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین ارشد مختار صاحب نے کہا کہ آفاق اکیڈمی کے طلباء کی کامیابیاں ہمارے لیے باعثِ فخر ہیں۔ تعلیم اور کھیل کے میدان میں یہ بچے اپنی محنت اور عزم سے نمایاں مقام حاصل کر رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہاں کے طلباء نہ صرف علمی میدان میں کامیاب ہوں بلکہ ایک مضبوط کردار، اعلیٰ اخلاق اور قائدانہ صلاحیتوں کے ساتھ آگے بڑھیں۔ ہمارا مقصد بچوں کی ہمہ جہت ترقی ہے تاکہ وہ کل کے باوقار شہری اور قوم کے معمار بن سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آفاق اکیڈمی ہمیشہ طلباء کے لیے ایسے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کرتی ہے جن سے ان کی پوشیدہ صلاحیتیں اجاگر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کی تعلیمی پیش رفت پر خصوصی توجہ دیں اور ان کے لیے وقت نکالیں،اساتذہ اور والدین کے تعاون سے ہم بچوں کو جدید تعلیم اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے کامیابی کے اعلیٰ منازل تک پہنچا سکتے ہیں۔ انہوں نے تمام کامیاب طلباء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی محنت اور اساتذہ کی انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
واضح رہے کہ تقریب میں والدین، اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور کامیاب طلباء کو مبارکباد پیش کی گئی۔ شرکاء نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات طلباء کو مزید محنت اور کامیابی کے لیے تحریک فراہم کرتی ہیں۔ تقسیمِ انعامات کی تقریب کے بعد سرپرستوں کی میٹنگ منعقد کی گئی جس میں طلباء کی تعلیمی پیش رفت، اکیڈمی کی سرگرمیوں اور آئندہ تعلیمی منصوبہ بندی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ والدین نے اکیڈمی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو اپنے تعاون کا یقین دلایا۔
0 تبصرے