مالیگاؤں (ناؤنیوزاپڈیٹ) شہر مالیگاؤں کی تعلیمی تاریخ میں آج ایک خوش آئند باب کا اضافہ ہوا، جب عزیزالرحمن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام قائم کردہ "قانتات" پری پرائمری و پرائمری اسکول کا باضابطہ افتتاح عمل میں آیا۔ یہ افتتاحی تقریب اتوار، 15 جون 2025 کو نمازِ ظہر کے بعد منعقد ہوئی، جس کی صدارت ممتاز عالم دین مولانا ادریس عقیل ملی قاسمی نے فرمائی۔ افتتاح کے موقع پر مقامی سماجی، تعلیمی اور مذہبی حلقوں کی معزز شخصیات بڑی تعداد میں موجود رہیں، جنہوں نے اس تعلیمی ادارے کے قیام کو شہر کے تعلیمی مستقبل کے لیے سنگِ میل قرار دیا۔ تقریب میں نظامت کے فرائض محمد یقعوب ایوبی سر نے انجام دیے، جب کہ مختلف مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسکول کے قیام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
ابوسفیان ایم آر نے اپنے تاثرات میں اسکول کے وژن اور مشن کو سراہا، جب کہ انصاری محمد رضا سر (سوئیس ہائی اسکول کے سابق پرنسپل) نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ "قانتات اسکول باغِ محمود بستی کے بچوں کے لیے ایک نعمتِ غیر مترقبہ ہے۔"پروفیسر عبدالجمید صدیقی نے اپنے خطاب میں مولانا ادریس عقیل ملی قاسمی کی علمی و تعلیمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور اسکول کے چیئرمین پروفیسر ساجد سر کو مبارکباد دی۔صدارتی خطاب میں مولانا ادریس عقیل ملی قاسمی نے فرمایا کہ "تعلیم صرف روزگار کا ذریعہ نہیں، بلکہ انسان کی شخصیت سازی کا بنیادی ستون ہے۔ قانتات اسکول دینی و عصری تعلیم کے حسین امتزاج کے ساتھ آنے والی نسلوں کی رہنمائی کرے گا۔"
چیئرمین پروفیسر ساجد احمد سر نے آخر میں تمام معزز مہمانان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ادارے کے مستقبل کے عزم کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ"اگر قانتات پری پرائمری و پرائمری اسکول پانچویں جماعت تک جاری رکھا گیا، تو ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ یہاں کے طلبہ نہ صرف عصری تعلیم حاصل کریں، بلکہ مکمل حافظِ قرآن بھی بنیں۔"تقریب کے اختتام پر مہمانانِ گرامی کے ہاتھوں طلبہ کو اسکول یونیفارم اور بیگز تقسیم کیے گئے، جسے والدین و سرپرستوں نے خوب سراہا۔قانتات اسکول نہ صرف تعلیمی معیار کو بلند کرنے کا عزم رکھتا ہے بلکہ مضافاتی علاقوں کے بچوں کو بہتر مستقبل کی راہ دکھانے کا ایک مضبوط ذریعہ بھی بنے گا۔ ایڈمیشن اور مزید معلومات کیلئے رابطہ کریں۔ 9209770193
0 تبصرے