رائل یونیورسل اسکول CBSE میں سالانہ اسپورٹس ویک کا انعقاد

مالیگاؤں (پریس ریلیز) مالیگاؤں کے مشہور تعلیمی ادارے خاتون ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیراہتمام جاری رائل یونیورسل اسکول (CBSE) میں سالانہ اسپورٹس ویک کا انعقاد شاندار طریقے سے کیا گیا۔ اسکول کے وسیع و عریض عبدالمطلب کیمپس میں یہ پروگرام اسکول کے چیئرمین رضوان عبدالمطلب سر کی رہنمائی اور پرنسپل انصاری اخلاق سر کی قیادت میں منعقد ہوا۔ اسپورٹس ویک کا افتتاح پرنسپل انصاری اخلاق سر کی موجودگی میں الامین یونانی میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کے پرنسپل ڈاکٹر عابد سر اور رائل فزیوتھراپی کالج کی پرنسپل ڈاکٹر دیویا میڈم کے ہاتھوں کیا گیا۔ 

افتتاحی تقریب میں پرنسپل انصاری اخلاق سر نے اپنی تقریر میں طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ جسمانی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بناتے ہیں بلکہ نظم و ضبط، ٹیم ورک اور مقابلے کا جذبہ بھی پیدا کرتے ہیں۔ ان کے خیالات نے طلبہ و طالبات کو اسپورٹس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی۔  جبکہ اس سالانہ اسپورٹس ویک کے دوران انفرادی اور اجتماعی مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں طلبہ نے بڑی جوش و خروش سے حصہ لیا۔ انفرادی کھیلوں میں 50 میٹر، 100 میٹر، اور 200 میٹر کی دوڑ شامل تھی، جبکہ اجتماعی کھیلوں میں کھوکھو، لگوری، کرکٹ، ڈاج بال، فٹ بال، اور فٹ بال کرکٹ جیسے دلچسپ کھیلوں کا انتظام کیا گیا۔ طلبہ نے ان کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا اور بہترین کارکردگی کے ذریعے جیتنے کی کوشش کی۔  واضح رہے کہ تقریب کا آغاز اسپورٹس عہد سے ہوا، جس میں طلبہ و طالبات نے کامیابی حاصل کرنے کے لیے ایمانداری، محنت، اور کھیل کے اصولوں کی پاسداری کا وعدہ کیا۔ اس عہد نے طلبہ کے اندر جیت کے لیے ایک نیا جوش اور ولولہ پیدا کیا۔ مختلف ٹیموں نے نہایت ہم آہنگی کے ساتھ اجتماعی کھیلوں میں حصہ لیا، جس سے ٹیم ورک کی خوبصورتی نمایاں ہوئی۔ 

اس ایونٹ کو کامیاب بنانے میں اسکول کے تمام اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف نے بڑی محنت کی۔ خاص طور پر اسکول کے فزیکل ٹیچر عبداللہ انصاری نے کھیلوں کے انتظامات میں مرکزی کردار ادا کیا۔ انہوں نے طلبہ کو کھیلوں کی تیاری اور مقابلوں میں شرکت کے لیے بھرپور رہنمائی فراہم کی۔ ان کے ساتھ اسکول کے دیگر اساتذہ نے بھی پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی خدمات پیش کیں۔  اختتامی تقریب میں پرنسپل انصاری اخلاق سر نے بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو مبارکباد دی اور  انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام طلبہ کی جسمانی اور ذہنی ترقی کے لیے بے حد ضروری ہیں۔ انہوں نے چیئرمین رضوان عبدالمطلب سر کا بھی شکریہ ادا کیا، جن کی قیادت میں اسکول مختلف سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھا رہا ہے۔ 


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے