سہ روزہ تعلیمی کیمپ کا پہلا دن کامیابی سے ہمکنار، طلباء اپنا ہدف متعین کریں: رضوان عبدالمطلب


سہ روزہ تعلیمی کیمپ کے پہلے دن شکیل انجنیر نے طلبہ کو سائنس، ریاضی اور سماجی سائنس کے مضامین کو سیکھانے کے لئے جدید آلات و وسائل کے استعمال کی ترغیب دی

مالیگاؤں (ناؤنیوزاپڈیٹ) خاتون ایجوکیشن سوسائٹی کے اشتراک سے رائل یونیورسل اسکول (CBSE) کے زیراہتمام جاری سہ روزہ تعلیمی کیمپ کا پہلا دن کامیابی سے ہمکنار رہا۔ سوسائٹی کے چیئرمین رضوان عبدالمطلب سر کی زیرسرپرستی میں آج 28 مئی 2024 بروز منگل کو مذکورہ کیمپ عبدالمطلب کیمپس میں منعقد ہوا۔ جس میں شہر بھر کی اردو و انگلش میڈیم اسکولوں کی آٹھویں، نویں اور دسویں جماعتوں کے طلباء وطالبات کے ساتھ ساتھ اساتذہ نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس تعلیمی کیمپ میں اقراء اکیڈمی کے ڈائریکٹر و ماہر تعلیم شکیل انجنیر مہمان خصوصی تشریف لائیں۔ رضوان عبدالمطلب سر کے ہاتھوں ان کا استقبال کیا گیا۔ بعدازاں تلاوت کلام پاک سے اس تعلیمی کیمپ کا باقاعدہ آغاز ہوا۔

اس تعلیمی کیمپ کے حوالے سے چیئرمین رضوان عبدالمطلب سر نے کہا کہ اسطرح کے تعلیمی کیمپ سے موسم گرما کی تعطیلات کے دوران بچوں کے قیمتی وقت کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔ اس ضمن میں بچوں کو انکی دلچسپی کے مطابق پروگرام مرتب کرکے دیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعطیلات کا یہ وقت طلبہ کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے، اسے کار آمد بناکر آپ اپنے ہم عصروں سے آگے بڑھ سکتے ہیں۔ اسی لئے ہم نے اس پروگرام کا انعقاد کیا، تاکہ آپ ان تین دنوں میں مزید تعلیمی معلومات حاصل کرکے اپنے ہدف کو متعین کریں۔ شکیل انجنئیر نے طالبان علم کو IIT، AIIMS اور INI جیسے اداروں میں فری سیٹ میں داخلہ سے متعلق معلومات فراہم کرتے ہوئے سائنس، ریاضی، سماجی سائنس سیکھانے کے لئے جدید آلات و وسائل کا استعمال کیا اور طلبہ کو بھی اس کی ترغیب دی۔

اس پروگرام میں رکن سوسائٹی و مدر عائشہ پرائمری اسکول کی صدر معلمہ مشیرہ پروین صاحبہ، الحراء ہائی اسکول کے ہیڈ ماسٹر مجیب سر و دیگر اساتذہ نے بھی شرکت کی۔ واضح رہے کہ طلبہ کو لانے لے جانے کے لئے بس اور ناشتے کا خصوصی انتظام خاتون سوسائٹی کی جانب سے مفت کیا گیا ہے۔ اور اس تعلیمی کیمپ کے ٹاپ 3 طلباء کیلئے اصلی سلور میڈل کا انعام رکھا گیا ہے۔ سہ روزہ تعلیمی کیمپ کے پہلے دن کو کامیاب بنانے میں انتظامیہ کمیٹی وسیم شیخ سر، عزیز اعجاز سر، انیسہ میڈم، آفرین میڈم کے علاوہ شہباز خان سر، عبداللہ انصاری سر نے جدوجہد کی۔ جبکہ نظامت کے فرائض کو عزیز اعجاز سر نے بخوبی انجام دیا۔











ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے