عدالت سے لگاتار غیر حاضری کی وجہ سے خصوصی این آئی اے عدالت نے حکم جاری کیا
مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملے میں گذشتہ کئی ماہ سے خصوصی این آئی اے عدالت سی آر پی سی کی دفعہ 313/ کے تحت ملزمین کے بیانات کا اندراج کررہی ہے،عدالت ابتک ملزمین سے تقریباً اٹھارہ سوالات پوچھ چکی ہے۔ پونے تین سو گواہان کی گواہی کی بنیاد پر یہ سوالات پوچھے جاچکے ہیں، اب بھی تقریباً پچاس گواہان کے بیانات کی بنیاد پر ملزمین سے سوالات پوچھے جانا باقی۔ اسی درمیان چند ملزمین بشمول سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر کے عدالت سے مسلسل غیر حاضر رہنے کی وجہ سے آج خصوصی جج نے ملزمہ کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ جاری کیا اور اس تعلق سے سماعت 20/ مارچ کو کیئے جانے کا حکم جاری کیا۔
آج عدالت میں سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو حاضر رہے کر عدالتی کارروائی میں حصہ لینا تھا لیکن اس کی غیر موجودگی میں اس کے وکلاء نے عدالت میں میڈیکل دستاویزات کی نقول پیش کرکے عدالت سے غیر حاضر رہنے کی اجازت طلب کی جسے عدالت نے نامنظور کردیا اور اس کے خلاف دس ہزار روپئے کا قابل ضمانت وارنٹ جاری کیا۔ اس سے قبل بھی خصوصی جج اے کے لاہوٹی نے ملزمہ کو متنبہ کیا تھا کہ عدالت سے غیر حاضری کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے علاوہ ملزمین دیانند پانڈے چتروید کے خلاف بھی قابل ضمانت وارنٹ جاری کیا گیا تھا جس کے بعد ملزمین عدالت میں پیش ہوکر عدالت سے وارنٹ کینسل کروایا تھا۔اس ضمن میں بم دھماکہ متاثرین کی نمائندگی کرنے والے ایڈوکیٹ شاہد ندیم (جمعیۃ علماء مہاراشٹر) نے بذریعہ فون پر بتایا کہ آج سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو عدالت میں حاضر ہوناتھا اور عدالت کی جانب سے انہیں پچھلے ہفتہ ہی مطلع کیا گیا تھا اس کے باوجود آج ملزمہ عدالت میں حاضر نہیں ہوئی اور اس کی غیر حاضر کے تعلق سے اس کے وکلاء نے عدالت میں میڈیکل پیپر کی زیراکس پیش کی جسے عدالت نے قبول کرنے سے انکار کردیا۔
ایڈوکیٹ شاہد ندیم نے مزید بتایا کہ دو ہفتوں قبل بھی سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے عدالت سے میڈیکل ایمرجنسی کی بنیاد پر غیر حاضر رہنے کی اجازت طلب کی تھی لیکن بعد میں میڈیا کے ذریعہ پتہ چلا کہ وہ سیاسی سرگرمیوں میں مصروف تھیں جس کی شکایت دیگر ملزمین نے کی تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خصوصی عدالت ملزمین کے بیرون ممبئی رہائشی ہونے کی وجہ سے پہلے انہیں سہولت دے رہی ہے اس کے باوجود ملزمین عدالت سے تعاون نہیں کررہے جس کی وجہ سے عدالت کو سخت اقدام کرنا پڑا نیز ملزمین کے عدم تعاون کی وجہ سے گذشتہ کئی ماہ سے 313/ کے تحت بیانات درج کرانے کا عمل جاری۔ واضح رہے کہ ممبئی کی خصوصی این آئی اے عدالت ملزمین سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر، میجررمیش اپادھیائے، سمیر کلکرنی، اجئے راہیکر، کرنل پرساد پروہت، سدھاکر دھر دویدی اور سدھاکر چترویدی کے خلاف قائم مقدمہ کی سماعت روز بہ روز کی بنیاد پر جاری ہے۔323سرکاری گواہان کے بیانات کے اندراج کے بعد عدالت نے ملزمین کے 313 کے بیانات کا اندراج شروع کردیا ہے۔
0 تبصرے