شکیل تیراک کو عمرہ کی سعادت کا اعلان ‏

مالیگاؤں: مالیگاؤں ڈیولپمنٹ فرنٹ کے زیر اہتمام شہر کی معروف شخصیت فائر فائٹر شکیل تیراک کی بے لوث خدمات کا اعتراف اور اعزازیہ تقریب 3 اکتوبر 2021 بروز اتوار رات میں نو بجے آئی ایس پلازہ بھکو چوک میں منعقد کی گئی.


اس تقریب میں صاحب اعزاز شکیل تیراک کا مالیگاؤں ڈیولپمنٹ فرنٹ کے نوجوانوں, نصر فاؤنڈیشن اور شہید عبدالحمید فاؤنڈیشن کے ذمہ داران اور دیگر سماجی و فلاحی تنظیمیں کی جانب سے استقبال کیا گیا. اس موقع پر ایم ڈی ایف کی جانب سے شکیل تیراک کو سوئمنگ کٹ بطور تحفہ پیش کی گئی ساتھ ہی ایک خوبصورت ٹرافی باعزاز و اعتراف خدمات پیش کی گئی. اسی طرح سے شکیل تیراک کی خدمت میں اعجاز شاہین اور عرفان صدیقی نے سپاش نامے پیش کئے.



اس اعزازیہ تقریب کی صدارت معروف تعلیمی,سماجی و سیاسی شخصیت جمیل کرانتی نے نبھائی. اس پروگرام میں بطور مہمانان خصوصی جمیل احمد ریٹائرڈ ٹیچر, حاجی ہارون بابا, عرفان صدیقی, اسامہ اعظمی, اعجاز شاہین, ببو ماسٹر اور احتشام شیخ بیکری والا موجود تھے. پروگرام کا آغاز اعجاز شاہین نے قرآن مجید کی تلاوت فرما کر کیا. اس پروگرام کے اغراض و مقاصد قاری رئیس عثمانی, نظامت کے فرائض کو معروف ناظم مشاعرہ عمران راشد اور رسم شکریہ صابر ماسٹر موبائل والے نے ادا کیا.


اس موقع پر مالیگاؤں ڈیولپمنٹ فرنٹ کے صدر احتشام شیخ بیکری والا نے بتایا کہ شکیل تیراک کو صدر جمہوریہ ایواڈ ملے اس کی کوشش ایم ڈی ایف روز اول سے کر رہی ہے کیونکہ موصوف نے ابتک ہزاروں لوگوں کی لاشوں اور سینکڑوں افراد کی جان مختلف حادثات سے نکالا ہے. شکیل تیراک نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ندی نالوں, دریا تالابوں اور کنوؤں میں پھنسی و گمشدہ لاشوں کو بھی ڈھونڈ نکالنے کا کارنامہ کی بار انجام دے چکا ہے. انہوں نے کہا کہ شکیل تیراک کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے.


عرفان صدیقی آئی ایس پلازہ نے اس موقع پر یہ اعلان کیا ہے کہ وہ شکیل تیراک کو اپنے خرچ سے حلال کمائی سے عمرہ کی سعادت کروائیں گے. انہوں نے کہا کہ وہ شکیل تیراک کا پورا خرچ اٹھائیں گے اور اگر کوئی تنظیم یا فرد اس کار خیر میں حصہ لیتا ہے تو ان کی بیوی کو بھی عمرہ کی سعادت کروا سکتے ہیں. انہوں نے کہا کہ شکیل تیراک نے تو شہر پر کئی بار احسان کیا ہے اور ان کو عمرہ کروانا ہمارے لئے فکر کی بات ہوگی. اگر کوئی فلاحی, سماجی و سیاسی تنظیمیں اس کار خیر میں امداد کرنا چاہتی ہے تو عرفان صدیقی سے رابطہ قائم کریں.


پروگرام کے صدر جمیل کرنتی نے خطبہ صدارت میں شکیل تیراک کی خداد صلاحیتوں کا اعتراف کیا. انھوں نے کہا شکیل تیراک کی بے لوث خدمات کسی ایواڈ کی محتاج نہیں ہے. انھوں نے بلا تفریق مذہب و ملت لوگوں کی جان بچانے کا کام کیا ہے جس کا انعام اللہ تعالٰی آخرت میں عطا فرمائیں گے. شکیل تیراک وہ شخص ہے جو اپنی جان جوکھم میں ڈال کر موت کو شکست دیتا ہے اور زندگی بچانے کا کام کرتا ہے ایسے شخص کی حوصلہ افزائی اور خدمات کا اعتراف کیا جانا چاہئے.


اس موقع پر صاحب اعزاز شکیل تیراک نے اس بات کا اظہار کیا کہ انھیں شہر کی عوام کا ہمیشہ بہت پیار ملا, لوگوں کی دعائیں اور عزت ملتی رہی ہے وہ ان کیلئے کسی بھی ایواڈ سے کم نہیں ہے. انھوں نے کہا کہ شہر کو مزید شکیل تیراک چاہئے جس کیلئے ایم ڈی ایف سوئمنگ کلاسیس کی شروعات کر رہی ہے جس میں وہ خود بچوں کو تیراکی کا ہنر سکھائیں گے. شکیل تیراک نے مالیگاؤں ڈیولپمنٹ فرنٹ کے نوجوانوں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا.

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے