نیاپورہ کے متوفی روشان کے اہل خانہ کو 8 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا فیصلہ، سماجوادی پارٹی کی مسلسل پیروی رنگ لائی

کرنٹ سے بچاؤ کیلئے تمام بجلی کے تاروں اور کھمبوں پر PVC کور لگانے کا مطالبہ، ڈی وائے ایس پی آفس میں ہنگامی میٹنگ

مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) نیاپورہ نورانی مسجد کے قریب گلی نمبر 2 کے رہائشی چار سالہ محمد روشان خلیق الزماں کی کرنٹ لگنے سے المناک موت کے بعد شہر میں عوامی تشویش بڑھ گئی ہے۔ اس افسوسناک واقعہ کے تناظر میں ڈی وائے ایس پی آفس میں ایک اہم ہنگامی میٹنگ منعقد کی گئی، جس میں بجلی کمپنی کے سی ای او پریم سنگھ، متعلقہ افسران اور مختلف سماجی و سیاسی نمائندوں نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران بجلی کمپنی کے سی ای او پریم سنگھ نے متوفی بچے کے اہل خانہ کو 8 لاکھ روپے معاوضہ فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ اس فیصلے کو متاثرہ خاندان کے لیے ایک اہم راحت اور انصاف کی جانب مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق حادثہ کے بعد سماجوادی پارٹی کے گٹ نیتا مستقیم ڈگنیٹی نے متاثرہ خاندان کی جانب سے مسلسل پیروی کرتے ہوئے متعلقہ محکموں اور افسران سے رابطہ قائم رکھا۔ انہوں نے بتایا کہ رضوان احمد کی شکایت پر رات تقریباً 4 بجے آزاد نگر پولیس اسٹیشن میں متعلقہ معاملے میں ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی۔میٹنگ میں متاثرہ خاندان کو فوری مالی امداد فراہم کرنے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ معصوم بچے کی جان کا نقصان ناقابلِ تلافی ہے، تاہم متاثرہ خاندان کو انصاف دلانا اور ان کی ہر ممکن مدد کرنا ہماری سماجی اور سیاسی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی ہمیشہ عوامی مسائل کے حل اور مظلوموں کی آواز بن کر کام کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی اپنی یہ جدوجہد جاری رکھے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کے کھلے تار، خستہ حال کھمبے اور غیر محفوظ برقی نظام عوام کی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ اگر بروقت حفاظتی اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں مزید جانی نقصانات کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے محکمہ بجلی سے مطالبہ کیا کہ شہر بھر میں خصوصی سروے مہم چلائی جائے، خطرناک مقامات کی نشاندہی کی جائے اور تمام برقی کھمبوں پر PVC حفاظتی کور نصب کیے جائیں تاکہ شہریوں کو کرنٹ کے خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ سماجوادی پارٹی کے ذمہ داران نے میٹنگ میں واضح کیا کہ عوامی جان و مال کے تحفظ کے معاملے میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ پارٹی متاثرہ خاندان کو مکمل انصاف دلانے اور بنیادی شہری سہولیات کی بہتری کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

میٹنگ میں شریک دیگر ذمہ داران اور افسران نے بھی متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہارِ تعزیت و ہمدردی کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ معاوضے کی رقم جلد از جلد فراہم کرنے کے لیے ضروری قانونی و انتظامی کارروائی مکمل کی جائے گی۔شہر کے عوام نے بھی اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حادثے کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اور مستقل اقدامات نافذ کیے جائیں تاکہ کسی اور خاندان کو اس طرح کے المناک سانحے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ 

Post a Comment

Previous Post Next Post