مالیگاؤں: جانوروں کی نقل و حمل کرنے والی تیز رفتار پک اپ پل کے نیچے الٹ گئی، ڈرائیور جاں بحق، مقدمہ درج


مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) مالیگاؤں۔یسگاؤں روڈ پر چندن پوری شیوار کے قریب پل کے پاس پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثے میں گائے کی نسل کے جانوروں کی نقل و حمل کرنے والی ایک پک اپ گاڑی بے قابو ہوکر پل کے نیچے الٹ گئی، جس کے نتیجے میں ایولہ کے ایک شخص کی موت ہوگئی۔ حادثے کے بعد علاقے میں سنسنی اور افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق پک اپ گاڑی نمبر MH 04 HY 2910 انتہائی تیز رفتاری سے مالیگاؤں ہائی وے سے جارہی رہیں تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ ہائی وے پر بعض افراد کی جانب سے گاڑی کا پیچھا کیا جارہا تھا، جس کے باعث ڈرائیور نے رفتار مزید تیز کردی۔ چندن پوری شیوار کے قریب منی بریج پر پہنچتے ہی ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور پک اپ پل کے نیچے جاگری۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ گاڑی مکمل طور پر چکنا چور ہوگئی۔ مقامی افراد کے مطابق گاڑی میں جانور موجود تھے، تاہم حادثے میں کتنے جانور ہلاک یا زخمی ہوئے اس تعلق سے فوری طور پر کوئی سرکاری تفصیل سامنے نہیں آسکی ہے۔

اس حادثے میں ایولہ کے رہنے والے حسن موتی شیخ (34 سال) جاں بحق ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی قلعہ پولیس اسٹیشن کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔ پولیس نے لاپرواہی اور تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس معاملے میں مقدمہ نمبر -87/2026 کے تحتBNS 106(1)، 281، 125(A)، 125(B)، M.V. Act اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مزید 
تفتیش جاری ہے۔ پولیس اس بات کی بھی جانچ کررہی ہے کہ گاڑی میں کتنے جانور موجود تھے، انہیں کہاں سے لایا جارہا تھا اور کہاں منتقل کیا جارہا تھا۔ ابتدائی اندازے کے مطابق گائے کی نسل کے جانوروں کی غیر قانونی نقل و حمل کا معاملہ ہوسکتا ہے۔ عیدالاضحیٰ قریب آنے کے سبب جانوروں کی نقل و حمل میں اضافہ ہوگیا ہے، جس کے پیش نظر مختلف شاہراہوں پر ناکہ بندی اور سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔ قلعہ پولیس نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی جانوروں کی نقل و حمل اور قانون شکنی کے خلاف آئندہ مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post