مالیگاؤں: جے اے ٹی گرلز ہائی اسکول کی دیوار منہدم، دو شدید زخمی


بروقت مرمت نہ ہونے پر بڑا سانحہ ٹل گیا، مقامی افراد کا دعویٰ

مالیگاؤں (ناؤنیوزاپڈیٹ) شہر کے مصطفٰی بھنگار بازار روڈ پر واقع جے اے ٹی گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کی دیوار کا ایک حصہ اچانک منہدم ہونے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ اس افسوسناک حادثے میں چار افراد زخمی ہوگئے، جن میں دو شدید زخمی بتائے جارہے ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔عینی شاہدین کے مطابق دیوار کا ملبہ اچانک سڑک کی جانب آ گرا، جس کی زد میں آکر بھنگار بازار کے چند دکاندار زخمی ہوگئے۔ حادثے کے فوراً بعد مقامی شہریوں نے راحت رسانی کا کام شروع کیا اور زخمیوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال پہنچایا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سماجی کارکن مستقیم ڈگنیٹی جائے حادثہ اور بعد ازاں سول ہسپتال پہنچے، جہاں انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور بروقت طبی امداد کی فراہمی میں تعاون کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ مقامی دکانداروں نے پہلے ہی اسکول انتظامیہ کو دیوار کی خستہ حالی سے آگاہ کیا تھا، تاہم اس جانب خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اگر بروقت اقدامات کیے جاتے تو اس حادثے سے بچا جاسکتا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکول میں ہزاروں طلبہ زیر تعلیم ہیں، ایسے میں عمارت اور دیواروں کی حفاظت کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے۔ مستقیم ڈگنیٹی نے مطالبہ کیا کہ زخمی افراد کے علاج و معالجہ کے اخراجات اسکول انتظامیہ برداشت کرے۔ حادثے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پایا جارہا ہے جبکہ شہریوں نے خستہ حال عمارتوں، اسکولوں اور دیواروں کی فوری جانچ اور مرمت کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جاسکے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post