جدید تعلیمی رجحانات پر مذاکرے سے قبل عالمی شہرت یافتہ ماہر تعلیم ڈاکٹر عبدالسبحان کا رائل یونیورسل اسکول (CBSE) کی جانب سے پرتپاک استقبال
مالیگاؤں (فری لانس جرنلسٹ عبداللہ انصاری) مالیگاؤں اُردو سیکنڈری ہیڈ ماسٹرس ایسوسی ایشن کی دعوت پر بنگلور کے معروف تعلیمی ادارہ فالکن گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالسبحان گزشتہ شب مالیگاؤں کے دورے پر تشریف لائے۔
حج ہاؤس اسکول نمبر 1 میں منعقدہ ایک خصوصی اور منفرد تعلیمی نشست میں ڈاکٹر عبدالسبحان نے اپنے گیارہ سالہ تجربات کی روشنی میں اسکول مینجمنٹ، معیارِ تعلیم میں بہتری، جدید ٹیکنالوجی خصوصاً مصنوعی ذہانت (AI) کے مؤثر استعمال، عالمی معیار کے تعلیمی انفراسٹرکچر کی تشکیل، جدید وسائلِ تعلیم کے حصول اور مختلف سرکاری اسکیمات کے ذریعے اداروں کی ترقی جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی رہنمائی پیش کی۔ ان کا خطاب موجود ذمہ داران اور معلمین کے لیے نہایت معلوماتی اور فائدہ مند ثابت ہوا۔
اس دوران شہر کے معروف تعلیمی ادارے خاتون ایجوکیشن سوسائٹی کے چیئرمین رضوان عبدالمطلب سر نے ڈاکٹر عبدالسبحان کی آمد کو مالیگاؤں کے تعلیمی میدان کے لیے ایک خوش آئند قدم قرار دیتے ہوئے کہا “ڈاکٹر عبدالسبحان جیسے ویژنری رہنما کی موجودگی ہمارے تعلیمی اداروں کے لیے سنہری موقع ہے۔ ان کے تجربات اور جدید تعلیمی ماڈلز سے ہم اپنے اسکولوں کو نئی بلندیوں تک پہنچا سکتے ہیں۔ آج تعلیم صرف نصابی سرگرمیوں تک محدود نہیں رہی، بلکہ انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی، اسکول کلچر اور عالمی معیار کے حکمتِ عملی کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ امید ہے کہ اس ملاقات سے مالیگاؤں کا تعلیمی منظرنامہ مزید مستحکم ہوگا۔” انہوں نے مزید کہا کہ“ہمارے اداروں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ ضرورت صرف صحیح سمت، بروقت رہنمائی اور جدید اپروچ کی ہے۔ ڈاکٹر عبدالسبحان جیسے ماہرین یقیناً ہمارے لیے نئی راہیں متعین کریں گے۔”
اسی مناسبت سے رائل یونیورسل اسکول (CBSE) کے پرنسپل عرفان عقیل سر, شفیق سر اور اسکول کے دیگر اسٹاف ممبران نے ڈاکٹر عبدالسبحان کا پرتپاک استقبال کیا اور تعلیمی ترقی کے مختلف پہلوؤں پر ان سے تفصیلی گفتگو کی۔ پروگرام انتظامیہ کی جانب سے نعیم شائین سر, پروفیسر عبدالجمید صدیقی سر, رضوان عبدالمطلب سر اور شیخ مبارک عثمان صاحب کا خصوصی استقبال کیا گیا۔ اس پروگرام کے کنوینر عبدالحلیم صدیقی تھے، جبکہ شہر کے مختلف اسکولوں کے پرنسپل اور ذمہ داران نے کثیر تعداد میں شرکت کرکے پروگرام کو کامیاب بنایا۔
0 تبصرے