دارالعلم انگلش اسکول کے طلباء وطالبات کا فائر اسٹیشن کا کامیاب تعلیمی دورہ

مالیگاؤں (پریس ریلیز) شہر کے معروف تعلیمی ادارے دارالعلم انگلش میڈیم اسکول کی جماعت سوم تا ہفتم کے طلبہ نے گذشتہ روز خواجہ غریب نوازؒ فائر اسٹیشن، مہیش نگر کا تعلیمی دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد بچوں میں ایمرجنسی سروسز، فائر سیفٹی اور ریسکیو آپریشنز سے متعلق عملی آگاہی فراہم کرنا تھا۔ دورے کے دوران طلبہ نے فائر فائٹنگ سسٹم، ریسکیو آلات، فائر انجن کی اقسام اور اس کے مختلف حصوں کا قریب سے مشاہدہ کیا۔ فائر اسٹیشن کے ذمہ داران نے طلبہ کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں مرحلہ وار رہنمائی فراہم کی۔

چیف فائر آفیسر (CFO) سنجے پوار اور شکیل تیراک نے بچوں کو آگ کی مختلف اقسام (A، B، C، D) سے متعارف کرایا اور انہیں بجھانے کے درست اور محفوظ طریقے سمجھائے۔ اس موقع پر فائر ایکسٹنگوشر کے عملی استعمال کا ڈیمو بھی پیش کیا گیا، جسے بچوں نے بےحد دلچسپی سے دیکھا۔ طلبہ نے لائف جیکٹ، لائف رنگ، ربر بوٹ، سیفٹی سوٹ، چین سا اور دیگر ریسکیو آلات کے استعمال سے متعلق نہایت اہم معلومات حاصل کیں۔ ریسکیو ٹیم نے آبی حادثات میں فوری ردعمل، درخت گرنے کی صورتحال میں چین سا کی افادیت، اور ہنگامی حالات میں احتیاطی تدابیر پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ مزید برآں، بچوں کو فائر اسٹیشن کا ہیلپ لائن نمبر یاد کرایا گیا اور بتایا گیا کہ کسی بھی حادثے کی صورت میں کس طرح بروقت اطلاع دینا ضروری ہے۔

اس موقع پر منوہر سر، روی شیوداس سمیت فائر اسٹیشن کے عملے نے بھی بھرپور تعاون فراہم کیا، جبکہ شکیل تیراک نے اہلِ شہر کے نام ایک خصوصی بائٹ ریکارڈ کراتے ہوئے آگ سے متعلق احتیاطی تدابیر پر زور دیا۔ یہ دورہ اسکول کے چیئرمین حذیفہ ہدائی سر کی ہدایت اور حارث سر (PRO) کی نگرانی میں منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر شعیرہ میم، تنزیلہ میم، جویریہ میم، منیبہ میم، نکہت میم سمیت ٹرانسپورٹ اسٹاف نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ دورے کے اختتام پر طلبہ نے عہد کیا کہ وہ سیفٹی رولز پر عمل کریں گے اور گھر، اسکول اور اپنے ماحول میں آگاہی کو فروغ دیں گے۔ بچوں کے فیڈ بیک ویڈیوز بھی ریکارڈ کیے گئے، جو بعد میں سرپرستوں کے ساتھ شیئر کیے جائیں گے۔ یہ تعلیمی سرگرمی نہ صرف طلبہ کے لیے معلوماتی ثابت ہوئی بلکہ انہیں عملی زندگی میں درپیش ہنگامی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لیے اعتماد بھی فراہم کیا۔

رپورٹ: ڈپارٹمنٹ آف میڈیا، دارالعلم انگلش میڈیم اسکول

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے