دور حاضر میں شعبہ انجینئرنگ بھی خدمت خلق کا ایک بہترین ذریعہ : مولانا عمرین محفوظ رحمانی
راشد مختار ( سیکریٹری، جامعہ محمدیہ):قابل، ہنرو صلاحیت مند اور ایماندار انجینئربنانا ہمارا نصب العین ہے
مالیگاؤں (پریس ریلیز)ریاست مہاراشٹر کے معروف دینی و عصری تعلیمی ادارہ جامعہ محمدیہ کے زیر اہتمام جاری مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس ( منصورہ) میں شعبہ انجینئرنگ و پولی ٹیکنیک کے تعلیمی سال 2024-2025 کے سال اول اور دوم میں داخل طلباء و طالبات اور اس کے سرپرست حضرا ت کیلئے بروز جمعرا ت 19 ستمبر 2024 کو ایک شاندار تعارفی پروگرام(انڈکشن پروگرام ) منعقد کیا گیا۔اس تعارفی پروگرام میں بطور مہمان و مقرر خصوصی آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سیکریٹری مولانا عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے شرکت کی ۔
مولانا عمرین محفوظ رحمانی نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ دور حاضر میں شعبہ انجینئرنگ کے مختلف شعبوں میں کام کرنابھی خدمت خلق کا بہترین ذریعہ ہےجن کاموں سے سماج، معاشرے اور انسانیت کو فیض پہنچے۔ آج سماج و معاشرے میں اچھے، قابل اور ایماندارڈاکٹر، انجینئر، ٹیچر، وکیل اور دیگر پروفیشنل کی بہت ضرورت ہے۔ مولانا نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوران تعلیم اپنے ہنرو فن میں مہارت حاصل کریں اور دنیا میں اپنا ایک منفرد مقام بنائیں۔ انھوں نے جامعہ محمدیہ ادارہ کے بارے میں کہا کہ بانی مولانا مختار احمد ندوی رحمہ اللہ نے جو خلوص کے ساتھ ادارہ کی داغ بیل ڈالی تھی اور آج یہ ادارہ سرسبز شاداب ہے۔ جامعہ محمدیہ کے انتطامیہ کی انتھک محنت قابل ستائش ہے کہ یہاں ایسے ماحول میں معیاری دینی و عصری تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔
جامعہ محمدیہ کے سیکریٹری راشد مختار صاحب نے ادارہ کی روداد بیان کرتے ہوئے کہا کہ بانی مولانا مختار احمد ندوی رحمہ اللہ نے 1975 میں جامعہ محمدیہ کی بنیاد ڈالی تھی ۔ آج ادارے کو 50 سال ہو رہے ہیں اور انھوں نے جو خواب دیکھا تھا وہ حقیقت میں ہو رہا ہے۔ اس ادارہ میں نہ صرف دینی بلکہ معیاری عصری تعلیم طلباء و طالبات کو فراہم کی جار ہے ۔ دینی مدارس کے ساتھ پرائمری ، ہائی اسکول، جونیئر کالج، انجینئرنگ و میڈیکل کالج بھی قائم ہیں اور طلبہ فیضیاب ہو رہے ہیں۔ جامعہ محمدیہ ملک کا واحد ایسا ادارہ ہے جہاں اعلیٰ تعلیم انتہائی کم دام میں فراہم کی جار ہی ہے۔ انجینئرنگ ڈگری و ڈپلومہ کورسیس طعام و رہائش کے ساتھ انتہائی مناسب فیس میں جاری ہیں۔انجینئرنگ کالج میں ملک کے معروف اعلی تعلیمی اداروں( آئی آئی ٹی، این آئی ٹی، اے ایم یو، جے ایم آئی وغیرہ) سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے والے اساتذہ تدریسی و تحقیقی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ڈاکٹر شاہ عقیل احمد ( پرنسپل، ڈگری کالج) نے انجینئرنگ ڈگری کالج کا تعارف پیش کیا۔ نئے طلبہ و سرپرست حضرات کے سامنے کمپیوٹر پی پی ٹی کے ذریعے کالج کی نمایاں خصوصیات و کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ انھوں گزشتہ سالوں کے یونیورسٹی گولڈ میڈلسٹ، کالج ٹاپرس، پلیسمنٹ ریکارڈ ، انٹرنشپ، اکسپرٹ لیکچرس، ایڈآن کورسیس اور دیگر کارہائے نمایاں کو پیش کیا۔ ڈگری کالج میں کمپیوٹر انجینئرنگ ، سول انجینئرنگ، میکانیکل انجینئرنگ، الیکٹریکل انجینئرنگ اور الیکٹرانکس اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن انجینئرنگ شعبوں میں ڈگری کورسیس جاری ہیں۔
ڈاکٹر محمد اظہر ( پرنسپل، پولی ٹیکنیک) نے کامیاب طلبہ کے بارے میں بتایا کہ ان پر اساتذہ اور سرپرست حضرات کی ذمہ داریوں پر اظہارو خیال کیا۔ انھوں نے کہا کہ دوران تعلیم طلبہ کی نگرانی بہت ضروری ہے، صد فیصد حاضری، وقت کی پابندی، ڈسپلن، درسی کتابو ں کا مطالعہ، اساتذہ کا ادب و احترام اور بتلائے ہو ئے کاموں پر عمل کرنا بہت ضروری ہے۔ پولی ٹیکنیک کالج میں کمپیوٹر انجینئرنگ ، سول انجینئرنگ، میکانیکل انجینئرنگ، الیکٹرانکس اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ اور ٹیکسٹائل مینوفیکچررس شعبوں میں ڈپلومہ کورسیس جاری ہیں۔امسال تمام ڈپلومہ کورسیس میں مکمل سیٹوں پر داخلے پُر ہوگئے ہیں۔
اس پروگرام کی نظامت ڈاکٹر راغب ندیم نے بخوبی نبھائی اور رسم شکریہ ڈاکٹر سلمان بیگ ( ڈین اکیڈمکس ) نے پیش کیا۔ اس پروگرام میں ڈاکٹر نوید حسین( ڈین ریسرچ)، ڈاکٹر فہد اقبال ( ڈین آئی کیو اے سی)، ڈاکٹر دلاور حسین ( ڈین ایڈمیشن)، ڈاکٹر آصف رسول ( ڈین ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ)، ڈاکٹر یعقوب انصاری ( ڈین ایڈمنسٹریشن) ، کلاس ٹیچرس اور کثیر تعداد میں طلبہ و سرپرست حضرات نے شرکت کی۔اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں ڈاکٹر عاکف انجم ( کو آرڈینیٹر)، ڈاکٹر ساجد نعیم، ڈاکٹر ہمایوں اختر، ڈاکٹر ذیشان احمد، ڈاکٹر عبدالواسع ، پروفیسر شگفتہ پروین، پروفیسر نصرت انصاری اور دیگر نان ٹیچنگ اسٹاف نے بھر پور تعاون پیش کیا۔
0 تبصرے