شہر کی سیاسی، سماجی تنظیموں سے SIR فارم بھرنے کی اپیل ،جمعہ کو پولنگ کی طرح گھر گھر بیداری پیدا کریں
علماء کرام نماز جمعہ سے قبل ایس آئی آر کے تعلق سے خطاب کریں
مالیگاؤں (ناؤنیوزاپڈیٹ) اسلام پارٹی کے رہنما آصف شیخ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہاراشٹر میں جاری خصوصی نظرثانی (SIR) سروے کے بارے میں اہم اپیل کی اور نعمانی پل کے واقعہ پر بھی اپنا اظہار خیال کیا۔جمعرات کو دوپہر میں دو بجے شیخ رشید بھون پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آصف شیخ نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے مہاراشٹر میں ایس آئی آر سروے شروع ہو چکا ہے اور مالیگاؤں شہر میں بھی فارم بھرے جا رہے ہیں۔ اب صرف آٹھ دن باقی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں اب تک تقریباً ستر فیصد فارم بھر کر بی ایل او کے ذریعے جمع کرا دیے گئے ہیں جبکہ تیس فیصد لوگ ابھی تک فارم نہیں بھر سکے جو تشویش کی بات ہے۔
انہوں نے مالیگاؤں کی عوام سے اپیل کی کہ باقی آٹھ دن کا فائدہ اٹھا کر اپنے بی ایل او سے رابطہ کریں، فارم لیں، بھریں اور جمع کرائیں۔ آصف شیخ نے مذہبی تنظیموں، سماجی تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کے ذمہ داران سے بھی اپیل کی کہ جمعہ کی نماز سے قبل مساجد میں لوگوں کو فارم بھرنے کی ترغیب دی جائے۔ ان میں جمعیت العلماء، سنی دعوت اسلامی، دعوت اسلامی، جماعت اہل حدیث، تبلیغی جماعت کے مراکز غربید و نورانی مرکز سمیت تمام مذہبی اداروں سے اپیل کی ہے۔انہوں نے بی ایل اوز سے بھی گزارش کی کہ وہ مزید وقت دے کر علاقوں میں بیٹھیں اور باقی فارم بھرنے میں مدد کریں۔ آصف شیخ نے بی جے پی اور کریٹ سومیا کے اس بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا جس میں مہاراشٹر میں پچاس لاکھ بنگلہ باشندوں کے نام ایس آئی آر سے کاٹنے کا ذکر کیا گیا۔ انہوں نے اسے مہاراشٹر کے مسلمانوں کی توہین قرار دیا اور کہا کہ اس الزام کا مؤثر جواب دینے کے لیے ہر مسلمان کو اپنا ایس آئی آر فارم وقت پر بھرنا ضروری ہے۔
اس پریس کانفرنس سے اسلام پارٹی کے ورکروں اور کارپوریٹرز سے اپیل کی گئی کہ جمعہ کے بعد الیکشن کی طرح گھر گھر جا کر لوگوں سے پوچھیں کہ فارم بھرا گیا یا نہیں اور جو باقی ہیں انہیں بھرنے کی ترغیب دیں۔ کچھ لوگوں کے نام فہرست میں نہیں آنے پر اسلام پارٹی اور سماج وادی پارٹی نے مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی کے تحت ان کے میپنگ کے اسکرین شاٹ جمع کرائے ہیں تاکہ ان کے مسائل حل کیے جاسکے۔ اس موقع پر نعمانی پل کے بارے میں آصف شیخ نے کہا کہ ایک معصوم بچہ ندی میں بہہ گیا تھا اور چار دن بعد اس کی لاش ملی۔ یہ افسوسناک واقعہ ہے۔ لوگوں نے پل کے کام مکمل نہ ہونے پر احتجاج بھی کیا۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کو ندی کے قریب کھیلنے سے روکیں اور کہا کہ پل کا افتتاح کرنے والوں کے بارے میں عوام خود فیصلہ کریں۔آصف شیخ نے زور دیا کہ آٹھ دن بہت اہم ہیں اور شہر کے تمام طبقات کو مل کر ایس آئی آر فارم بھرنے کی مہم میں حصہ لینا چاہیے۔
