ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال کی پریس کانفرنس، شہریوں سے اپنی گاڑیوں کو لیکر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ
مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) مالیگاؤں شہر اور اطراف میں بڑھتے ہوئے موٹرسائیکل چوری کے واقعات کے خلاف پوار واڑی پولیس نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمین سے تفتیش کے دوران مختلف علاقوں سے چوری کی گئی 24 موٹرسائیکلیں برآمد کر کے ضبط کر لی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار شدگان میں شیخ کلیم شیخ ہارون (جعفر نگر)، شہزاد احمد شفیق احمد عرف اوجی (اختر آباد)، شعیب انصاری فیاض احمد (جعفر نگر) اور مدثر احمد جمیل احمد (نورباغ) شامل ہیں۔ ملزمین سے کی گئی تفصیلی پوچھ گچھ کے دوران موٹرسائیکل چوری کے متعدد معاملات بے نقاب ہوئے۔
تحقیقات میں معلوم ہوا کہ برآمد شدہ موٹرسائیکلیں مالیگاؤں تعلقہ، چاندوڑ، قلعہ پولیس اسٹیشن، چھاؤنی پولیس اسٹیشن، جلگاؤں تعلقہ اور چھترپتی سمبھاج نگر کے مختلف علاقوں سے چرائی گئی تھیں۔ پولیس نے ضبط شدہ گاڑیوں کی تفصیلات متعلقہ پولیس اسٹیشنوں کو فراہم کر دی ہیں۔ اسی سلسلے میں پوار واڑی پولیس نے 142/2026، 138/2026 اور 116/2026 بی این ایس کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیا ہے۔ اور 10 مئی 2026 کو پوار واڑی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ نمبر105/2026 درج کیا گیا تھا، جس کی تفتیش کے دوران ایک چوری شدہ ٹویرا کار کی واردات کا انکشاف ہوا۔
پولیس نے ایک چوری شدہ ٹویرا کار کے معاملے میں بھی کارروائی کرتے ہوئے محمد عارف محمد لیئق (باغِ قاسم) کو گرفتار کیا ہے۔ تفتیشی حکام اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا گرفتار ملزمین کسی منظم بین الاضلاعی چور گروہ کا حصہ ہیں یا نہیں. واضح رہے کہ یہ کارروائی ضلع ایس پی ناسک گرامین ڈاکٹر ڈی ایس سوامی کی ہدایات پر انجام دی گئی۔ ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال، ڈی وائی ایس پی سدھارتھ بھروال کی نگرانی میں پوار واڑی پولیس اسٹیشن کے پولیس انسپکٹر راہل گھاتر، اے پی آئی کرن پاٹل، پی ایس آئی پون سکھلا اور ان کی ٹیم نے مسلسل تکنیکی اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمین کو گرفتار کیا اور چوری شدہ گاڑیوں کو برآمد کیا۔
ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال نے پریس کانفرنس کے دوران کارروائی کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں گاڑی چوری کی وارداتوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت مہم جاری ہے اور آئندہ بھی ایسی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی اولین ترجیح شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور جرائم پر مؤثر قابو پانا ہے۔ پوار واڑی پولیس کی اس کامیاب کارروائی کو شہر میں گاڑی چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ پولیس کو مزید اہم انکشافات اور گرفتاریوں کی بھی توقع ہے۔
ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی موٹر سائیکلیں اور دیگر گاڑیاں محفوظ مقامات پر پارک کریں، معیاری لاک سسٹم کا استعمال یقینی بنائیں اور کسی بھی مشتبہ شخص یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں۔ انہوں نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ کم قیمت پر بغیر دستاویزات کے گاڑیاں خریدنے سے گریز کریں، کیونکہ ایسی گاڑیاں چوری شدہ ہونے کا امکان رکھتی ہیں۔ پولیس نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ جن شہریوں کی موٹر سائیکلیں چوری ہوئی تھیں، وہ اپنی گاڑیوں کے اصل کاغذات کے ساتھ پوار واڑی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں اور شناخت کے بعد تمام قانونی کارروائی کے بعد اپنی گاڑیاں واپس حاصل کریں۔
Tags
Urdu

