مالیگاؤں (اسٹاف رپورٹر) شہر کے اختر آباد علاقے میں پیش آئے ایک افسوسناک حادثے میں 11 ہزار واٹ بجلی لائن سے کرنٹ لگنے کے سبب ایک مزدور کی موت ہوگئی جبکہ ایک مزدور شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی کو فوری طور پر فاران اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے. موصولہ اطلاعات کے مطابق اختر آباد علاقے میں ایک کارخانے پر ویلڈنگ کا کام جاری تھا۔ اسی دوران اچانک اوپر سے گزرنے والی 11 ہزار واٹ بجلی لائن کی زد میں آنے سے محمد اسماعیل عثمان غنی شدید کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ان کے ساتھ کام کرنے والا ایک مزدور زخمی ہوگیا۔
سماجی کارکن شفیق اینٹی کرپشن نے بتایا کہ حادثہ خطرناک بجلی لائن کے قریب کام کے دوران پیش آیا۔ ان کے مطابق بجلی کمپنی کی مبینہ لاپرواہی اور حفاظتی اقدامات کے فقدان کے سبب اس طرح کے حادثات بار بار رونما ہورہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ سے مطالبہ کیا کہ رہائشی اور صنعتی علاقوں میں خطرناک بجلی لائنوں کے تعلق سے فوری حفاظتی اقدامات کئے جائیں تاکہ آئندہ ایسے جان لیوا حادثات سے بچا جاسکے.واقعہ کے بعد علاقے میں غم و غصہ کا ماحول پایا جارہا ہے۔ پولیس اور متعلقہ محکمہ کی جانب سے مزید تفتیش جاری ہے۔ فی الحال پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائی مکمل کئے جانے کے بعد نعش کو اہل خانہ کے سپرد کردیا گیا۔